چیف منسٹر بھوپیش بگھیل اور ڈپٹی چیف منسٹر ٹی ایس سنگھ دیو کے نام شامل
نئی دہلی: کانگریس نے آج چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کیلئے 30 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی، جس میں چیف منسٹر بھوپیش بگھیل، ڈپٹی چیف منسٹر ٹی ایس سنگھ دیو، اسمبلی اسپیکر چرنداس مہنت اور ریاستی کانگریس صدر دیپک بیج شامل ہیں۔ کانگریس کی پہلی فہرست میں ریاست کے کچھ وزراء اور اہم لیڈروں کے نام شامل ہیں۔ بگھیل پاٹن اور سنگھ دیو امبیکاپور سیٹ سے انتخاب لڑیں گے جبکہ مہنت ،سکتی سے امیدوار ہوں گے ۔ دوسری طرف بیج کو چترکوٹ (محفوظ) سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ راج ناندگاؤں سیٹ پر کانگریس نے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ کے خلاف گریش دیوانگن کو میدان میں اتارا ہے ۔پہلی فہرست کے مطابق کانگریس نے چھ نئے چہروں پر داؤ لگا دیا ہے جبکہ چھ ایم ایل اے ٹکٹ سے محروم ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے چار خواتین کو اپنا امیدوار بنایا ہے جس میں ڈونڈیلوہارا (محفوظ) سے انیلا بھیڈیا، کھیرا گڑھ سے یشودا ورما، ڈونگر گڑھ (محفوظ) سے مسز ہرشیتا سوامی بگھیل اور بھانوپرتاپور (محفوظ) سے ساوتری منڈاوی الیکشن لڑیں گی۔اسمبلی حلقہ وار امیدواروں کے نام درج ذیل ہیں۔