چھتیس گڑھ اورجموں میں راہل گاندھی کی حمایت میں ہوا احتجاج

   

نئی دہلی:کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی کو ہتک عزت کے معاملے میں سزا سنائے جانے کے خلاف کل چھتیس گڑھ میں وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور سینئر کانگریسیوں سمیت ہزاروں لوگوں نے گاندھی مجسمہ کے سامنے خاموش ستیہ گرہ کیا۔ وزیراعلی مسٹر بگھیل، اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر چرنداس مہنت، نائب وزیراعلیٰ ٹی ایس۔ سنگھ دیو، ریاستی کانگریس انچارج کماری سلیجا، ریاستی کانگریس صدر موہن مارکم، ریاستی وزراء کونسل کے اراکین کے علاوہ سیاہ ماسک لگا کر کانگریسیوں کی بڑی تعداد نے خاموش ستیہ گرہ کیا۔خاموش ستیہ گرہ صبح 10 بجے شروع ہوا، جس میں کانگریس اراکین کی بڑی تعداد پہلے جمع ہونا شروع ہو گئی تھی۔بڑی تعداد میں کانگریسیوں نے شرکت کی۔اسی معاملے میں جموں وکشمیر پردیش کانگریس نے بدھ کے روز یہاں مہا تما گاندھی چوک ستہ واری میں راہل گاندھی کی حمایت میں ایک روزہ خاموش ستیہ گرہ کیا گیا۔ ستیہ گرہ میں پارٹی کے صدر وقار رسول وانی کے علاوہ کئی لیڈران و کارکنان نے حصہ لیا۔