رائے پور ۔ 9 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں سکیورٹی فورسیس نے منگل کی صبح انکاؤنٹر میں ایک خاتون نکسلائیٹ کو گولی مارکر ہلاک کردیا ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( انسداد نکسلائیٹ مہم ) سندر راج پی نے پی ٹی آئی سے کہا کہ مخالف تخریب کار مہم کے تحت سکیورٹی فورسیس کی مشترکہ ٹیم اپنی کارروائیوں میں مصروف تھی کہ صبح کی اولین ساعتوں کے دوران دیبا کنٹہ گاؤں میں جنگلات کے قریب جھڑپ ہوگئی ۔ قطعی کارروائی کے کمانڈو بٹالین (کوبرا) اور سی آر پی ایف ، اسپیشل ٹاسک فورسیس اور ڈسٹرکٹ ریزرور گارڈس نے اس کارروائی میں حصہ لیا تھا ۔ دیبا کنٹہ گاؤں کے قریب جنگلات میں ایک ماؤسٹ کیمپ دیکھنے کے بعد فورسیس نے اس کا محاصرہ کرلیا تھا ۔ اس دوران دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جس میں تمام باغی گھنٹے جنگلات میں فرار ہوگئے ۔ کارروائی کے اختتام کے بعد تلاشی کے دوران نکسل یونیفارم میں ملبوس ایک عورت کی نعش اور اس کے ساتھ انساس رائفل برآمد ہوئی ۔