رائے گڑھ : چھتیس گڑھ کے ضلع رائے گڑھ کے چکردھر نگر میں واقع سرکاری پولٹری فارم میں جمعہ کو برڈ فلو کے ایک معاملے کی تصدیق ہوئی۔ نیشنل ہائی سیکورٹی اینیمل ڈیزیز انسٹی ٹیوٹ، بھوپال نے جمعہ کے روز گورنمنٹ پولٹری فارم، رائے گڑھ سے بھیجے گئے پولٹری برڈ کی لاش کے نمونوں میں ہائی پیتھوفائٹک ایویئن انفلوئنزا ایچ5این1 (برڈ فلو) کے انفیکشن کی تصدیق کی۔ اس کے بعد کلکٹر کارتکیہ گوئل نے ریاستی حکومت کے سینئر عہدیداروں اور محکمہ انیمل ہسبنڈری کے ریاستی دفتر کے عہدیداروں کے ساتھ ضروری تال میل کرکے صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں۔ گزشتہ رات گیارہ بجے سینئر حکام کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ دیویانگ پٹیل، سی ای او ضلع پنچایت جتیندر یادو، میونسپل کارپوریشن کمشنر برجیش سنگھ کشتریہ کے ساتھ صحت اور حیوانات کی حفاظت کے محکمے کے افسران کی مدد سے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک مکمل حکمت عملی تیار کرتے ہوئے لوگوں کی صحت کی حفاظت کے پیش نظر پولٹری فارم کی تمام مرغیوں، چوزوں اور انڈوں اور پولٹری فیڈ کو فوری طور پر تلف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے تحت پولٹری فارم کی تقریباً پانچ ہزار مرغیوں، 12 ہزار چوزوں اور 17 ہزار انڈے تلف کرنے کی تیاریاں کی گئیں۔ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ میونسپل کارپوریشن، ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ صحت کی ٹیموں نے رات بھر مشترکہ آپریشن کیا اور پولٹری فارم میں موجود تمام مرغیوں، چوزوں، انڈے اور پولٹری فیڈ کو متعدی امراض کے پروٹوکول کے مطابق تلف کر دیا۔
اس کے لیے مرغیوں اور چوزوں کو مار کر زمین میں دفنایاگیا۔