رائے پور: چھتیس گڑھ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں اقتدار میں زبردست واپسی کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل ایز کی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کیلئے کل یہاں میٹنگ ہوگی۔ بی جے پی ہائی کمان نے چھتیس گڑھ میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کیلئے بلائی گئی میٹنگ کے لیے مرکزی وزراء ارجن منڈا اور سربانند سونووال اور پارٹی جنرل سکریٹری دشینت کمار گوتم کو چھتیس گڑھ کے لیے مبصر مقرر کیا ہے ۔ تینوں مبصرین کے کل صبح یہاں پہنچنے کا امکان ہے ۔ نومنتخب ایم ایل اے ریاستی بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ملاقات کریں گے ۔ ریاست کی 90 رکنی اسمبلی میں بی جے پی نے 54 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ بی جے پی نے حکمراں کانگریس کو غیر متوقع طور پر شکست دے کر اقتدار میں واپسی کی ہے ۔ کانگریس کو صرف 35 سیٹوں پر ہی اکتفاکرنا پڑا۔ بی جے پی قیادت نے ابھی تک کسی کو وزیر اعلیٰ بننے کا اشارہ نہیں دیا ہے لیکن سیاسی ماہرین کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ اس دوڑ میں آگے بتائے جارہے ہیں۔ ان کے علاوہ ریاستی بی جے پی صدر ارون ساؤ، سابق مرکزی وزیر وشنودیو سائی اور رینوکا سنگھ، کے بھی دوڑ میں شامل ہونے کی بات ہو رہی ہے ۔
اس دوران ریاستی بی جے پی کے دفتر اور سینئر بی جے پی رہنماؤں کی رہائش گاہ پر مبارکباد دینے کے لیے لوگوں کا ہجوم لگاہواہے ، سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر سنگھ کی رہائش گاہ پر سب سے زیادہ بھیڑ دیکھی گئی ہے ۔ ریاست بھر سے لوگ انہیں مبارکباد دینے آ رہے ہیں۔