چھتیس گڑھ میں سڑک حادثہ، سات اسکولی بچوں کی المناک موت

   

رائے پور: چھتیس گڑھ کے کانکیر ضلع میں جمعرات کو ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں 7 بچوں کی موت ہو گئی ہے، جب کہ 2 بچے شدید زخمی بتائے جاتے ہیں۔ زخمی بچوں کو علاج کے لئے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔یہ حادثہ چھتیس گڑھ کے بھانوپرتاپور کے کورار گاؤں کے چلہاٹی چوک پر پیش آیا۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ تمام بچے اسکول کی چھٹی کے بعد آٹو سے گھر لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران چلہٹی چوک کے قریب تیز رفتاری سے آنے والے ٹرک نے سامنے سے آنے والے آٹو کو ٹکر مار دی۔ اس دوران گاڑی کے پرخچے اڑ گئے جس کی وجہ سے 5 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ وہیں حادثے میں زخمی 4 بچوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں مزید 2 بچوں کی موت ہو گئی۔اس حادثہ میں آٹو ڈرائیور کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔ اس کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ تمام زخمیوں کو مقامی طبی مرکز میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہے۔وہیں واقعے کے بعد بچوں کے لواحقین کا رو رو کر برا حال ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دو زخمی بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔