گاؤں والوں سے بھی رابطہ ۔ ماویسٹوں کی تحویل میں ہونے کے امکانات کو تقویت
رائے پور ۔ چھتیس گڑھ کے بستر علاقہ میں تین دن قبل ہوئے انکاونٹر کے بعد ماویسٹوں نے جس کوبرا کمانڈو کو اغوا کرنے کا دعوی کیا ہے اس کا پتہ چلانے کیلئے تمام چینلس سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور مقامی گاوں والوں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ پولیس مخبروں کو بھی سرگرم کردیا گیا ہے تاکہ اس لاپتہ جوان کے تعلق سے اطلاعات حاصل کی جاسکیں۔ کانسٹیبل راکیشور سنگھ منہاس کوبرا کمانڈو 210 ویں بٹالین ہفتے کو ہوئے انکاونٹر کے بعد سے لاپتہ بتایا گیا ہے ۔ اس انکاونٹر میں 22 سکیوریٹی اہلکار ہلاک اور 31 دوسرے زخمی ہوگئے تھے ۔ سکما سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی نے کل بتایا کہ اسے ماویسٹوں سے فون موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے ادعا کیا کہ کمانڈو ان کی تحویل میں ہے اور اسے کوئی نقصان نہیں پہونچایا جائیگا ۔ انسپکٹر جنرل پولیس ( بستر ریجن ) سندر راج پی نے بتایا کہ فی الحال ہم اس بات کی توثیق نہیں کرسکتے کہ لاپتہ جوان نکسلائیٹس کی تحویل ہی میں ہے کیونکہ انہوں نے ابھی تک کوئی بیان یا تصویر جاری نہیں کی ہے ۔ ہم تمام امکانی چینلوں سے اسے رہا کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس مقامی گاوں والوں سے بھی رابطہ کر رہی ہے تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ آیا انہیں لاپتہ جوان کے تعلق سے کوئی اطلاع ہے یا نہیں۔ بستر میںمتعین ایک اور سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ لاپتہ جوان نکسلائیٹس کی تحویل میں ہو کیونکہ فورسیس نے سارے انکاونٹر کے مقام کی ناکہ بندی کردی ہے اور اس کے اطراف کے علاقہ کا بھی محاصرہ کرلیا گیا ہے تاہم ابھی تک اس کا پتہ نہیںچل سکا ہے ۔ کوبرا جوان اسدستہ کا حصہ تھا جو جمعہ کی رات انسداد نکسلائیٹس آپریشن کیلئے وہاں جنگلات میں گیا تھا ۔ ہفتے کو یہ انکاونٹر ہوئی جس میں 22 سپاہی شہید ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ 31 زخمی بھی ہوئے ہیں۔انکاونٹر میں جو 22 سپاہی شہید ہوئے ہیں ان میں بارڈر سکیوریٹی فورس ( بی ایس ایف ) سے تعلق رکھنے والے 8 جوان شامل ہیں ۔ ان میں سات کوبرا جوان بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں بی ایس ایف کے بستاریہ بٹالین کا ایک جوان شامل ہے ۔ آٹھ دوسرے مہلوکین کا تعلق ضلع ریزرو گارڈ سے اور چھ کا اسپیشل ٹاسک فورس سے ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کل جگدلپور اور بیجاپور کا دورہ کرتے ہوئے وہاں صورتحال کا جائزۃ لیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نکسلائیٹس کے خلاف اپنی کارروائیوں میں شدت پیدا کرے گی ۔
