چھتیس گڑھ میں کانسٹیبل کی فائرنگ، 5 ساتھی ہلاک

   

رائے پور (چھتیس گڑھ) ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈو ۔ تبتین بارڈر پولیس کے ایک جوان نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں پانچ پولیس جوان ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ بعدازاں اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔ پولیس نے بتایا کہ چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں آج صبح 8:30 بجے آئی ٹی بی پی کے کا دینار گاؤں میں واقع 45 ویں بٹالین کے کیمپ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس (بستر رینج) سندر راج نے بتایا کہ کانسٹیبل مسعودالرحمن نے اپنی سرویس ریوالور سے ساتھیوں پر فائرنگ کردی۔ چار کانسٹیبل برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر تین شدید طور پر زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ کانسٹیبلس میں آپسی کسی تنازعہ کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک زخمی دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔ آئی ٹی بی پی کے ترجمان ویویک پانڈے نے نئی دہلی میں بتایا کہ مسعود الرحمن نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کے بعد خود کو گولی مار لی۔ انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے کانسٹیبل نے اس پر گولی نہیں چلائی۔ قبل ازیں بستر رینج کے آئی جی نے بتایا کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا مسعودالرحمن نے خود کو گولی مار لی یا ساتھیوں کی جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہوا۔ اس سلسلہ میں مہلوک جوانوں کے ہتھیاروں کی جانچ کی جائے گی۔ دو زخمی کانسٹیبلس کو بذریعہ طیارہ علاج کیلئے رائے پور لایا گیا اور ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ مہلوک کانسٹیبلس کی مہیندر سنگھ، دلجیت سنگھ، سرجیت سرکار، بسواروپ مہاتو اور بجیش کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ ایس بی اولاس اور سیتارام دون اس واقعہ میں زخمی ہوئے۔