نارائن پور، 21 مئی (یواین آئی) چھتیس گڑھ کے چار مختلف اضلاع کے سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے چہارشنبہ کے روز مڈبھیڑمیں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 27 نکسلیوں کو ہلاک کر دیا اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس مڈبھیڑ کے دوران ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ ایک اور زخمی ہوگیا ہے ۔ اس مڈبھیڑ میں کئی بڑے نکسلی رہنما یا تو پھنسے ہوئے ہیں یا ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ابوجھماڑعلاقے میں صبح کے وقت سکیورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان مڈبھیڑہوئی۔ نارائن پور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پربھات کمار نے بتایا کہ ضلع کے ابوجھماڑعلاقے کے ماڑ ڈویژن میں نکسلیوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) نارائن پور، ڈی آر جی دنتے واڑہ، ڈی آر جی بیجاپور اور ڈی آر جی کونڈاگاؤں کے مشترکہ دستے کو نکسل مخالف آپریشن کیلئے روانہ کیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ وجے شرما، جن کے پاس داخلہ کا شعبہ بھی ہے ، نے بتایا کہ نارائن پور، بیجاپور، اور دنتے واڑہ کے سرحدی علاقے میں ایک بڑا آپریشن جاری ہے ۔ سیکیورٹی فورسز کو موصولہ اطلاعات کی بنیاد پر اس آپریشن کو انجام دیا گیا۔ اس میں جوانوں کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ اب تک 27 نکسلیوں کے مارے جانے کی اطلاع ملی ہے۔
اس آپریشن میں روپیش سے بھی بڑے کمانڈر پھنسے ہوئے ہیں۔ آپریشن اب بھی جاری ہے ۔ اس کے ساتھ ہی وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ مڈبھیڑ میں ایک جوان شہید اور ایک جوان زخمی بھی ہوا ہے ۔ مڈبھیڑکے مقام پر نکسلیوں کے اعلیٰ کمانڈروں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے گھیر لیا ہے ۔ ان میں نکسلی رہنما روپیش اور وکلپ کے بھی پھنسے ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ان دونوں پر سیکیورٹی ایجنسیاں کافی عرصے سے نظر رکھے ہوئے تھیں اور اگر ان کی گرفتاری یا مڈبھیڑمیں ہلاکت کی تصدیق ہوتی ہے تو نکسل مخالف آپریشن میں یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ جنوبی بستر علاقے کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کملوچن کشیپ نے کہا کہ نارائن پور، بیجاپور، دنتے واڑہ اور کونڈاگاؤں اضلاع کے مقامی ڈسٹرکٹ ریزرو پولیس اہلکار ان چار اضلاع کے سرحدی علاقوں میں مسلسل نکسلیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔