چھتیس گڑھ : نکسلائیٹس سے تصادم میں 17جوان شہید

,

   

سکما، 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے ضلع سکما کے چنتاگپھا علاقے میں پولیس اور نکسلائیٹس کے درمیان ہوئے تصادم میں 17 جوان شہید ہو گئے اور پندرہ زخمی ہیں، جنہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر رائے پور منتقل کر دیا گیا جن میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔بستر رینج کے انسپکٹر جنرل سندرراج پی نے آج بتایا کہ چنتا گپھا علاقے کے کسالپاڑ منپا میں گزشتہ روز ہوئے نکسلائیٹس کے ساتھ تصادم کے بعد سے سترہ نوجوان لاپتہ بتائے گئے تھے ۔ جن کی مسلسل تلاش کی جا رہی ہے ۔ آج تمام لاپتہ سترہ نوجوان تلاش کے دوران مردہ حالت میں پائے گئے ہیں ۔ شہیدوں میں ضلع ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل ٹاک فورس کے جوان شامل ہونا بتائے جا رہے ہیں ۔ وہیں اس تصادم میں 15 جوان زخمی ہو گئے ہیں، جنہیں گزشتہ روز ہی ھے ہیلی کاپٹر سے رائے پور منتقل کر دیا گیا ہے ، جن میں پانچ جوانوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔ پولیس اور نکسلیوں کے درمیان گزشتہ روز تقریبا پانچ گھنٹے تک تصادم جاری رہا تھا جس میں پانچ سے چھ نکسلیوں کے مارے جانے کا بھی دعوی کیا گیا ہے ۔ وہیں اس تصادم میں کئی دیگر نکسلی زخمی بھی ہوئے ہیں ۔جوانوں نے ہلاک شدہ نکسلیوں میں سے ایک کی لاش برآمد کر لی ہے ۔بعض اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ سکیوریٹی فورسیس کے یہ اہلکار ابتداء میں لا پتہ بتائے گئے تھے جن کی بعد میں تلاش کے دوران نعشیں دستیاب ہوئی ہیں۔ اس دوران سی آر پی ایف کی جانب سے اس انکاونٹر کے بعد وہاں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔
اضافی دستے وہاں روانہ کرتے ہوئے جنگلات کے اندرونی علاقوں تک بھی ماویسٹ نکسلائیٹس کی تلاش کے کام میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔