نکسلائٹس سے متاثرہ600سے زیادہ پولنگ بوتھس پر سخت سیکوریٹی‘ ہزاروں افراد کو ہوم ووٹنگ کی سہولت
رائے پور: چھتیس گڑھ میں دو مرحلوں میں پولنگ ہوگی، جس میں سے پہلا مرحلہ 7 نومبر کو ہوگا اور 20حلقوں میں جبکہ میزورم کی 40رکنی اسمبلی کیلئے بھی اسی دن ایک ہی مرحلہ میں پولنگ ہوگی۔ دونوں ریاستوں میں 7 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل اتوار کو چھتیس گڑھ اور میزورم میں سیاسی جماعتوں کی مہم ختم ہوگئی جہاں وزیر اعظم مودی نے مبینہ مہادیو بیٹنگ ایپ اسکام کو لے کر چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل پر تنقید کی وہیں کانگریس نے اپنی مہم کو بگھیل کی زیرقیادت حکومت کی فلاحی اسکیموں پر مبنی بنایا اور بی جے پی زیرقیادت مرکز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ریاست کے نکسل زدہ بستر ضلع میں 600 سے زیادہ پولنگ بوتھ تین پرتوں والے حفاظتی احاطہ میں ہوں گے۔ میزورم میں، کل 10,585 افراد نے ہفتہ تک ہوم ووٹنگ اور پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنے ووٹ ڈالے ہیں۔کل چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے پہلے سخت حفاظتی انتظامات پر ضلع کلکٹر ایس جے وردھن نے میڈیا کو بتایا کہ تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔کل ہونے والی پولنگ کے لیے جہاں تک سیکورٹی کا تعلق ہے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ حساس علاقوں میں کافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ تقسیم کا عمل دوپہر تک مکمل ہو جائے۔ ہم نے کچھ پولنگ اسٹیشنوں کا بھی دورہ کیا جہاں پولنگ پارٹیاں پہنچ چکی ہیں۔ ملک کی پانچ ریاستوں میں ہائی اوکٹین اسمبلی انتخابات کاکل 7 نومبر سے آغاز ہورہا ہے جن میں چھتیس گڑھ اور میزورم سب سے آگے ہیں جس کے بعد مدھیہ پردیش، راجستھان اور تلنگانہ میں ووٹنگ ہوگی ۔ ان ریاستوں میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی انتخابی مہم کو قومی سیاسی جماعتوں، خاص طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے لیے ’سیمی فائنل‘ راؤنڈ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے کہ وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ایک دوسرے کا سامنا کریں پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات دونوں بڑی جماعتوں کیلئے سیمی فائنل کی طرح سمجھے جارہے ہیں ۔ دونوں ہی جماعتیں اسمبلی انتخابات میں جیت کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں ۔ ٹکٹ کی تقسیم کے مسئلہ پر دونوں جماعتوں کو پارٹی کے اندرناراضگی اور بغاوت کا بھی سامنا ہے۔ میزورم میں کل ایک ہی مرحلہ میں پولنگ ہوگی جبکہ چھتیں گڑھ میں پہلے مرحلہ کی رائے دہی 7نومبر کو اور دوسرے مرحلہ میں 70نشستوں کیلئے ووٹنگ 17نومبر کو ہوگی ۔ تمام پانچ ریاستوں میں رائے دہی کے بعد ووٹوں کی گنتی 3دسمبر کو کی جائے گی ۔