رائے پور ۔3؍اگست ( ایجنسیز)چھتیس گڑھ کے بلودا بازار ضلع کے سرکاری اسکول کے بچوں کو کتے کا جھوٹاکھانا کھلائے جانے کا ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ پلاری بلاک کے لچھن پور گاؤں کے گورنمنٹ مڈل اسکول میں پڑھنے والے بچوں نے بتایا کہ مڈ ڈے میل کا کھانا اسکول میں کھلا رکھا ہوا تھا۔ اس دوران آوارہ کتوں نے سبزی کو جھوٹا کر دیا۔بچوں نے یہ بات اسکول کے ٹیچرس کو بتائی جس کے بعد ٹیچرس نے کھانا بنانے والی خواتین کو بچوں کو جھوٹاکھانا دینے سے منع کر دیا لیکن اس کے باوجود بچوں کو وہ کھانا دیا گیا۔ بچوں نے اس کی شکایت اپنے سرپرستوں سے کی جس کے بعد وہ اسکول پہنچ گئے۔پوچھ تاچھ کے بعد اسکول کے 78 بچوں کو اینٹی ریبیز کا انجکشن دیا گیا۔ وہیں اس معاملے کی شکایت مقامی ایم ایل اے سندیپ ساہو نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر کی ہے۔
ساتھ ہی معاملے کی پوری جانچ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔میڈیاکے مطابق یہ معاملہ 29 جولائی منگل کا ہے۔ اطلاع ملنے پر اسکول انتظامیہ اور گاؤں والے بچوں کو لے کرپرائمری ہیلتھ سنٹر پہنچے جہاں 78 بچوں کو اینٹی ریبیز انجکشن کا ایک ڈوز لگایا گیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہفتہ اعلی عہدیدار اسکول پہنچے اور اسکول میں بنا ہوا کھانا بھی کھایا۔جانچ کے بعد قصورواروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔