چھتیس گڑھ کے بیجا پور میں بھاری انکاؤنٹر، 31 ماویسٹ ہلاک

,

   

2 ملازمین پولیس فوت، زخمی پولیس ملازمین کی ہیلی کاپٹر سے منتقلی، تلاشی مہم کیلئے زائد فورس طلب، تلنگانہ کے ماویسٹوں کی موجودگی کا شبہ

بیجاپور: چھتیس گڑھ میں ماویسٹوں کے خلاف سیکوریٹی فورسیس کی کارروائیوں میں شدت کا سلسلہ جاری ہے اور بیجاپور ضلع میں آج صبح پیش آئے انکاؤنٹر میں تقریباً 31 ماویسٹ ہلاک ہوگئے۔ ماویسٹوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ملازمین پولیس کی موت واقع ہوئی۔ بَستر ضلع کے پولیس عہدیداروں کے مطابق انکاؤنٹر میں کئی نکسلائیٹس اور ملازمین پولیس زخمی ہوئے۔ اندراوتی نیشنل پارک کے علاقہ میں آج صبح ماویسٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس کی خصوصی ٹیمیں پہنچیں اور فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف سیکوریٹی فورسیس کی ٹیمیں اس مہم میں شامل تھیں۔ بَستر رینج کے انسپکٹر جنرل پولیس پی سندر راج نے کہا کہ مخالف ماویسٹ کارروائی کے دوران اندراوتی نیشنل پارک کے علاقہ میں تصادم ہوا۔ ابتدائی اطلاعات میں 31 ماویسٹوںکی ہلاکت کی توثیق کی گئی اور انکاؤنٹر کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈز اور اسپیشل ٹاسک فورس کے دو ملازمین پولیس ماویسٹوں کی فائرنگ میں ہلاک ہوئے اور دو جوان زخمی ہوئے۔ مہلوک سیکوریٹی ملازمین کی نعشوں کو منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے انکاؤنٹر کے مقام کو گھیر لیا ہے اور زیر زمین بارودی سرنگوں کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے احتیاط سے تلاش کی جارہی ہے۔ زخمی ملازمین پولیس خطرہ سے باہر ہیں اور انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ منتقل کردیا گیا۔ علاقہ میں زائد پولیس فورس کو طلب کرلیا گیا۔ جاریہ سال چھتیس گڑھ میں انکاؤنٹر کے مختلف واقعات میں تاحال 81 ماویسٹ ہلاک ہوئے ہیں جن میں بَستر ڈیویژن کے 7 اضلاع میں 65 ماویسٹ مارے گئے۔ گذشتہ سال چھتیس گڑھ میں انکاؤنٹرس میں 219 ماویسٹوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔ حالیہ برسوں میں یہ اب تک کا دوسرا بڑا انکاؤنٹر ہے۔ سابق میں اسی طرح کے انکاؤنٹر میں 41 ماویسٹ ہلاک ہوئے تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ بیجا پور انکاؤنٹر میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ماویسٹ بھی شامل ہیں جو ماویسٹ پارٹی کے اجلاس میں شریک تھے۔ حالیہ انکاؤنٹرس کا جائزہ لینے کیلئے یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے بعض ماویسٹ قائدین انکاؤنٹر کے وقت موجود تھے۔ گذشتہ دنوں پیش آئے انکاؤنٹرس میں ماویسٹ پارٹی کے تلنگانہ سکریٹری اور بعض سرکردہ قائدین کی ہلاکت کی پولیس نے توثیق کی تھی۔1

نکسلائٹس کیساتھ تصادم،شہید فوجیوں کو امیت شاہ کا خراج
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں نکسلیوں کے ساتھ تصادم میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31 مارچ 2026 سے پہلے ملک سے نکسل ازم کو ختم کردیا جائے گا۔امیت شاہ نے اتوار کو ‘ایکس’ پر کہاکہ سیکورٹی فورسز نے چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں نکسل سے پاک ہندوستان بنانے کی سمت میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس آپریشن میں 31 نکسلیوں کو ہلاک کرنے کے ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہا آج ہم نے انسانیت دشمن نکسل ازم کو ختم کرنے میں اپنے دو بہادر سپاہیوں کو کھو دیا ہے ۔ یہ ملک ہمیشہ ان ہیروز کا مقروض رہے گا۔ میں شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں اپنے عزم کا اعادہ بھی کرتا ہوں کہ 31 مارچ 2026 سے پہلے ہم ملک سے نکسل ازم کا مکمل خاتمہ کر دیں گے ، تاکہ ملک کے کسی شہری کو اس کی وجہ سے اپنی جان نہ گنوانی پڑے ۔قابل ذکر ہے کہ بیجاپور ضلع کے نیشنل پارک علاقے میں آج سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان تصادم میں اب تک 31 نکسلیوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے ۔ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے ۔ تصادم میں دو فوجی شہید اور دو فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔