نئی دہلی۔ ریاست چھتیس گڑھ کا جنگلاتی علاقہ ایک مرتبہ پھر فائرنگ کی آوازوں سے گونج اْٹھا۔ بیجاپور ضلع کے گنگلور جنگل کے علاقے میں پولیس اور ماؤ نوازوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حکام نے بتایا کہ اس مقابلے میں 8 ماؤ نواز ہلاک ہو گئے ہیں۔گنگلور پولیس اسٹیشن کے حدود میں مغربی بستر ڈویژن کے ماؤ نوازوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد، ڈی آر جی، سی آر پی ایف، کوبرا یونٹ، اور ایس ٹی ایف نے اینٹی نکسلیٹ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران جب ماؤ نوازوں نے حفاظتی دستوں کو دیکھا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔جس پرسیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی اور ماؤ نوازوں کو ہلاک کر دیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ مقابلہ صبح 8-30 بجے شروع ہوا تھا ۔ جنگل میں ماؤ نوازوں کی تلاش کیلئے آپریشن طویل وقفہ تک جاری رہا ۔حکام نے بتایا کہ مقام واقعہ سے ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مارے گئے تمام ماؤ نواز وںکی نعشیں فوجیوں نے برآمد کر لی ہیں۔ اس سے قبل نکسل متاثرہ ضلع گریابند میں سیکورٹی فورسز اورماؤ نواز کے درمیان تصادم میں فورس نے بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔کلہاڑی گھاٹ پر واقع بھالو ڈیگی جنگل میں 14ماؤ نواز کو مارا گیا۔اسی دوران سی آر پی ایف کی کوبرا یونٹ کا ایک سپاہی بھی زخمی ہوا۔ فوجیوں نے موقع سے ماؤ نواز کی نعشوں کے ساتھ انسااس رائفل اور بی جی ایل لانچر جیسے ہتھیار بھی برآمد کیے ہیں۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس تصادم میں آٹھ سے زیادہ ماؤ نواز مارے گئے ہیں جبکہ کئی ماؤ نواز زخمی بھی ہوئے ہیں۔ علاقے میں تلاشی جاری ہے۔