چھوٹا راجن نے داؤد ابراہیم کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا:لکڑوالا

   

ممبئی 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) گینگسٹر اعجاز لکڑوالا نے ممبئی پولیس کے سامنے انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ چھوٹا راجن نے 1998 ء میں داؤد ابراہیم کو ہلاک کردینے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن یہ منصوبہ بدقسمتی سے ناکام رہا۔ 50 سالہ لکڑوالا جو تقریباً دو دہوں تک روپوش رہا اور جو کبھی داؤد ابراہیم کے خاص ساتھیوں میں سے ایک تھا، کو ممبئی کی کرائم برانچ نے گزشتہ ماہ ایک خفیہ اطلاع ملنے کے بعد گرفتار کرلیا۔ لکڑوالا پر جبری وصولی، قتل اور اقدام قتل کے کئی ایک الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ تفتیش کے دوران لکڑوالا نے پولیس کو بتایا کہ چھوٹا راجن کی جانب سے داؤد ابراہیم پر ناکام قاتلانہ حملے کے بعد چھوٹا شکیل کے ساتھیوں نے راجن پر حملہ کیا تھا۔ کرائم برانچ ذرائع نے بتایا کہ چھوٹا راجن نے 1998 ء میں انڈین ایجنسیز کی مدد سے داؤد ابراہیم کو کراچی میں ہی قتل کردینے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اِس مقصد کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں وکی ملہوترہ ، فرید تاناشاہ ، بالو ڈوکر لکڑوالا، ونود مٹکر ، سنجے گھاٹ اور بابا ریڈی شامل تھے۔