حکومت آندھرا پردیش کا اقدام ۔ قرض کی حد میں اضافہ کیا جائیگا
امراوتی ۔ یکم مئی ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے چھوٹی ‘ مائیکرو اور اوسط صنعتوں کی مدد کیلئے 200 کروڑ روپئے کا فنڈ قائم کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کورونا لاک ڈاون کی وجہ سے جو نقدی کا بحران پیدا ہونے لگا ہے اس سے بچنے یہ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے ۔ اس کے تحت چھوٹی ‘ مائیکرو اور اوسط صنعتوں کو کسی سکیوریٹی کے بغیر جو قرض دیا جاتا ہے اسکی حد کو دو لاکھ روپئے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپئے کردیا جائیگا ۔ اسکے علاوہ چھ ماہ تک ادائیگی موخر کرنے کی سہولت رہے گی ۔ اسپیشل چیف سکریٹری صنعت و تجارت رجت بھارگوا نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا کہ لاک ڈاون سے یہ شعبہ بری طرح متاثر ہے ۔ اس شعبہ کی ریاست میں جملہ 97,428 یونٹیں ہیں اور 9,68,269 افراد کو روزگار فراہم کیا جاتا ہے ۔ ان چھوٹی ‘ اوسط اور مائیکرو یونٹوں کا صرف چھ فیصد کام کر رہا ہے ۔ یہ کام کاج بھی ان کی صلاحیت کا صرف 25 تا 30 فیصد ہی ہو پا رہا ہے ۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے وزیر اعظم نریندرمودی کو کل ایک مکتوب روانہ کرکے درخواست کی تھی کہ ان یونٹوں کی مدد کیلئے ایک فنڈ تشکیل دیا جائے تاکہ ان کو اضافی مدد مل سکے ۔ کہا گیا کہ لاک ڈاون سے انتہائی شدید متاثر ان یونٹوں کو اس فنڈ کے ذریعہ درکار مدد فراہم کی جاسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت اس فنڈ میں 25 کروڑ روپئے ادا کریگی جبکہ مابقی رقومات سڈبی اور دوسرے نیشنل بینکس سے حاصل کی جائے گی ۔