درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 اکٹوبر
حیدرآباد۔/3 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے چھوٹے اردو اخبارات اور رسائل کی سالانہ مالی اعانت اسکیم کے تحت 2023-24 کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں۔ صدر اردو اکیڈیمی محمد خواجہ مجیب الدین کے بموجب اسکیم کے تحت درخواست گذار درخواست کے ساتھ RNI ، بینک اکاؤنٹ نمبر معہ آئی ایف سی کوڈ پاس بک کی کاپی، آدھار کارڈ اور پیان کارڈ کی کاپیوں کے علاوہ تازہ شماروں کی تین کاپیاں اور 15 ہزار روپئے کی اڈوانس رسید، بل کی تین کاپیاں اور یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ 30 اکٹوبر تک سکریٹری ؍ ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی، چوتھی منزل حج ہاوز میں بذریعہ پوسٹ یا بالمشافہ داخل کریں۔ اسی دوران اکیڈیمی نے ریاست کے 33 اضلاع سے بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے سال 2022-23 کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں۔ تلنگانہ کے ہر ضلع سے پرائمری کے ایک، اپر پرائمری کے ایک اور ہائی اسکول سے ایک ٹیچر کے علاوہ جونیر کالج سے ایک اور ڈگری کالج سے ایک کو ایوارڈ دیا جائے گا۔ ہر ضلع سے جملہ 5 ایوارڈز ہوں گے۔ ریاست کے یونانی میڈیکل لیکچررس کیلئے دو ایوارڈ اور یونیورسٹی اساتذہ کیلئے دو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ یہ ایوارڈز سرکاری اسکولوں اور کالجس کے اساتذہ کی تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی پر دیئے جاتے ہیں۔ درخواست گذار کی مدت ملازمت کم از کم پانچ سال ہونی چاہیئے۔ فارم پر ٹیچر اور ہیڈ ماسٹر کیلئے ڈپٹی انسپکٹر آف اسکول کی جانب سے تصدیق، جونیر و ڈگری کالجس کے لیکچرر کیلئے پرنسپل کالج کی جانب سے تصدیق اور یونیورسٹی کے اساتذہ کیلئے ڈین، پرنسپل یا رجسٹرار سے تصدیق ضروری ہے۔ درخواست گذار ضروری اسناد اور خطاطی کے نمونوں کے ساتھ اپنی درخواستیں اردو اکیڈیمی کے آفس واقع حج ہاوز ، نامپلی پر راست یا ذریعہ پوسٹ روانہ کرسکتے ہیں۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 اکٹوبر مقرر کی گئی ہے ۔ درخواستوں کی منظوری کے سلسلہ میں اکیڈیمی کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ سابق میں ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ دوبارہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔