چھوٹے بچوں کو صبح ناشتہ میں دودھ اور اپما

   

آنگن واڑی سنٹرس میں عمل آوری، محکمہ ویمن اینڈ چائلڈ ویلفیر کی تجویز
حیدرآباد ۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) حکومت نے ریاست میں بچوں میں پائی جانے والی تغذیہ بخش غذا کی قلت پر قابو پانے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ پری پرائمری تعلیم کیلئے آنگن واڑی سنٹرس پہنچنے والے تمام بچوں کو لازمی طور پر دودھ دیا جائے گا اور ساتھ ہی صبح میں بچوں کو ناشتہ بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آنگن واڑی سنٹرس میں 3 تا 6 سال عمر کے بچوں کو فی الحال ایک وقت کھانا کھلایا جارہا ہے اور ساتھ میں انڈا بھی دیا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے ان بچوں کو روزانہ صبح 100 ملی لیٹر دودھ دینے کا بھی منصوبہ تیار کیا ہے۔ ایک سروے میں یہ انکشاف ہوا ہیکہ تلنگانہ میں بچوں کا وزن قومی سطح کے بچوں کے مقابلے کے مطابق قد اور وزن نہیں ہے۔ اس کمی کو دور کرنے کیلئے حکومت نے کئی پروگرامس اور تغذیہ بخش غذا کی فراہمی کا منصوبہ تیار کررہی ہے۔ حکومت نے نوعمر لڑکیوں کو پھلی کی چکی کے علاوہ دیگر تغذیہ بخش غذا فراہم کرنے پروگرام کا پہلے ہی آغاز کردیا ہے۔ اس کیلئے 100 روزہ نیوٹریشن مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ بہبود خواتین و اطفال، محکمہ صحت، دیہی غربت خاتمہ کی تنظیم پنچایت راج، محکمہ ایس سی، ایس ٹی، سیول سپلائز اور تعلقات عامہ محکمہ کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ حکومت نے این آئی این کے قواعد کے مطابق بچوں میں اضافی کیلشیم اور پروٹین کیلئے پری پرائمری بچوں کیلئے روزانہ 100 ملی لیٹر دودھ دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ساتھ ہی بچوں، خواتین اور نوعمر لڑکیوں میں تغذیہ بخش خوراک فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آنگن واڑی سنٹرس میں بچوں کو صبح ناشتہ میں اپما اور دوپہر میں مڈڈے میل دیا جائے گا۔ پیدائش کے فوری بعد ماؤں کو اپنے بچوں کو دودھ پلانے کی ترغیب دینے کے علاوہ نوجوان خواتین اور بچوں میں صحت اور کھانے کی عادت کے بارے میں شعور بیدار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ 2