چھوٹے بھائی امجداللہ خان کی انتخابی مہم میں بڑے بھائی مجیداللہ خان فرحت جذباتی

   

یاقوت پورہ حلقہ اسمبلی کو مزید بربادی سے بچانے پر زور، ایم بی ٹی امیدوار کو منتخب کرنے کی اپیل

حیدرآباد۔18۔نومبر(سیاست نیوز) چھوٹے بھائی کے لئے بڑے بھائی کی انتخابی مہم حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے عوام میں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ جناب امجد اللہ خان امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے لئے جناب مجید اللہ خان فرحت کی انتخابی مہم کے دوران جذباتی مناظر دیکھے جا رہے ہیں اور عوام دونوں بھائیوں کی انتخابی مہم کا پرجوش خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے دعاء کر رہے ہیں۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے مختلف مقامات اور محلہ جات میں جناب امجد اللہ خان خالد کے ساتھ ساتھ صدر مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خان فرحت کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں عوام کا کہناہے کہ دونوں بھائیوں کی جانب سے گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات ان کے والد غازی ٔ ملت محمد امان اللہ خان مرحوم کی یاد تازہ کر رہی ہے جو کہ انتخابی مہم کے دوران گھر گھر پہنچ کرگھر میں رہنے والوں کو نام لیکر آواز دیا کرتے تھے ۔جناب امجد اللہ خان خالد یا جناب مجید اللہ خان فرحت دونوں ہی اسمبلی کے لئے کبھی منتخب نہیں ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود ایک رکن اسمبلی سے زیادہ کام کرتے ہوئے عوام کے درمیان رہنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جناب امجد اللہ خان خالد کے انتخابی نشان سیلنڈر کے متعلق خواتین میں کوئی تشہیر کی ضرورت بھی باقی نہیں رہی اور حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے رائے دہندے جناب امجد اللہ خان خالد کو اس بات کی طمانیت دے رہے ہیں کہ اس مرتبہ ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔ جناب امجداللہ خان خالد نے اپنے انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے مساجد کی شہادت اور مسلمانوں کو نظرانداز کرنے کے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو نظرانداز کئے جانے اور مساجد کو شہید کئے جانے کے باوجود بھارت راشٹرسمیتی کے ساتھ مجلس اتحاد المسلمین کے ناپاک اتحاد سے یہ بات ثابت ہورہی ہے کہ مجلس نے قوم کے وقار کو حکومت کے پاس رہن رکھوا دیا ہے ۔ انہو ںنے اپنے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ جب اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے پہنچیں گے انہیں ریاست میں گذشتہ 10 سالوں کے دوران ہونے والی ناانصافیوں کے علاوہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کو 35سال سے نظرانداز کرتے ہوئے پسماندہ رکھے جانے کو یاد رکھنا چاہئے ۔ مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار کے پیدل دوروں اور انتخابی جلسوں میں حاصل ہونے والے عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جار ہا ہے کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے رائے دہندوں میں تبدیلی کا رجحان دیکھا جانے لگا ہے۔