چھوٹے تاجروں کیلئے مرکزکی قرض اسکیم

   

چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں نگرانکار کمیٹی
حیدرآباد۔ مرکزی حکومت کی اسٹریٹ وینڈرس آتما نربھر ندھی اسکیم پر عمل کے سلسلہ میں ریاستی نگرانکار کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی قیادت چیف سکریٹری سومیش کمار کریں گے۔ ارکان میں پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن، پرنسپل سکریٹری فینانس، پرنسپل سکریٹری بہبودی خواتین و اطفال، پرنسپل سکریٹری سیول سپلائیز، پرنسپل سکریٹری لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ اور پرنسپل سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت شامل ہیں۔ اسکیم کا مقصد چھوٹے کاروباریوں بالخصوص سڑک پر کاروبار کرنے والوں کو 10 ہزار روپئے تک قرض فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کاروبار کا دوبارہ آغاز کرسکیں۔ لاک ڈاؤن سے متاثرہ چھوٹے کاروباریوں کی مدد کیلئے مرکز نے یہ اسکیم شروع کی ہے۔ مرکز نے واضح کیا کہ اسکیم کے تحت صرف اسٹریٹ وینڈرس کو قرض کی فراہمی پر اکتفاء نہیں کیا جائیگا بلکہ اسکیم کا مقصد چھوٹے تاجروں اور ان کے خاندانوں کو سماجی و معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے۔ ریاستی سطح کی نگرانکار کمیٹی استفادہ کنندگان کی سماجی و معاشی صورتحال کی پروفائیلنگ کا جائزہ لے گی۔