محبوب نگر کلاک ٹاور کے پاس حمالوں کیلئے شیڈ کی تعمیر افسوسناک ، اقلیتی قائدین کا بیان
محبوب نگر ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ نے اپنے رفقاء کے ہمراہ ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ محبوب نگر کے برسراقتدار جماعت کے اکثریتی طبقہ کے چند کلیدی قائدین کی جانب سے حمال طبقہ کے ایک اجلاس میں شیڈ کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا ۔ کلاک ٹاور پر عرصہ دراز سے چپل و دیگر چھوٹے کاروبار کرنے والے تاجرین کاروبار کررہے ہیں جن میں زیادہ تر مسلمان ہیں وہاں حمالوں کے اُٹھنے بیٹھنے کیلئے شیڈ کی تعمیر کو بدبختانہ اور افسوسناک قرار دیا ۔ انھوں نے واضح کیا کہ محبوب نگر میونسپلٹی کے شمالی حصہ میں نالے کے قریب لبِ سڑک حمالوں کیلئے 2 منزلہ کمیونٹی ہال تعمیر کرکے دیا گیا ۔ حمالوں نے اس کو تجارتی ملگیوں میں تبدیل کرکے ہزاروں روپئے کمارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ گڈس وہیکلز کے چھوٹی بڑی گاڑیوں سے معمول کے نام پر لاری ڈرائیورس کو ہراساں کرکے رقومات وصول کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پہلے ہی سے گنیش جلوسوں کے خیرمقدم کیلئے پختہ ٹین شیڈ بلدیہ کی افتادہ جگہ پر تعمیر کردیا گیا ہے جو عام دنوں میں خالی رہتا ہے ، ان کو استعمال کیلئے دیا جاسکتا ہے ۔ برسہا برس سے کلاک ٹاور پر واقع اندراپارک پر حمالوں نے قبضہ کر رکھا تھا جو متبادل جگہ دیکر برخواست کردیا گیا لیکن اب ریاستی حکومت کی تبدیلی کے بعد نئے ایم ایل اے کو گمراہ کرکے شرپسندانہ کوشش کی جارہی ہے جس سے چھوٹے تاجرین کا بے دخل اور بیروزگار ہونا یقینی ہے ۔
