چھوٹے تاجرین کی مدد کیلئے وزیراعظم کی اسکیم

   

پرانے شہر کے ٹھیلہ بندی رانے نظر انداز، قرضوں کی اجرائی نہیں
حیدرآباد: کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران ہوئے نقصانات اور چھوٹے تاجرین کو راحت رسانی کے طور پر وزیر اعظم کی جانب سے شروع کردہ اسکیم کے تحت جاری کئے جانے والے قرضہ جات کی اجرائی میں پرانے شہر کے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو نظر انداز کیاجانے لگا ہے اور انہیں قرض کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔وزیر اعظم کی جانب سے چھوٹے تاجرین اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کیلئے شروع کردہ پردھان منتری اسٹریٹ وینڈرس آتما نربھر ندھی کے تحت ساؤتھ زون میں 9ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں لیکن ان میں صرف 1610 ٹھیلہ بنڈی رانوں کو 10 ہزار روپئے تک کے معمولی قرض جاری کئے گئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی رانوں کی نشاندہی اور انہیں کارڈس کی اجرائی کے بعد آن لائن داخل کی گئی درخواستوں کے باوجود بینکوں کی جانب سے 10ہزار روپئے کے راست قرضہ جات کی اجرائی کے سلسلہ میں کی جانے والی کوتاہی کے سبب ٹھیلہ بنڈی رانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے سود پر قرض حاصل کرنے پر مجبور ہونے لگے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے پرانے شہر کے علاقوں میں جو ٹھیلہ بنڈی رانوں کی نشاندہی کی ہے ان میں 5ہزار سے زائد ٹھیلہ بنڈی راں اور فٹ پاتھ تاجرین تاریخی چارمینار کے دامن میں ہی ہیں ۔ جبکہ اس علاقہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے 3688 ٹھیلہ بنڈی رانوں کو شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں علاوہ ازیں سنتوش نگر علاقہ میں 2881 ٹھیلہ بنڈی رانوں کی نشاندہی عمل میں لائی گئی ہے اور چندرائن گٹہ میں 2367 ٹھیلہ بنڈی راں موجود ہیں۔ اسی طرح فلک نما علاقہ میں 2800 ٹھیلہ بنڈی رانوں کی نشاندہی کا کام مکمل کیا گیا ہے اور ملک پیٹ میں 2467 ٹھیلہ بنڈی رانوں کو شناختی کارڈ جاری کئے جاچکے ہیں۔