چھوٹے شہروں میں ایرپورٹس کا قیام ، مرکزی حکومت کی پانچ سالہ منصوبہ بندی

   

فضائی مسافروں کی تعداد میں اضافہ پر وزارت شہری ہوا بازی اور ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کا فیصلہ
حیدرآباد۔4۔ ستمبر۔(سیاست نیوز) ملک کے چھوٹے شہروں میں ائیر پورٹس کے قیام کے سلسلہ میں مرکزی حکومت نے 5سالہ منصوبہ بندی کی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے تحت 50 شہروں میں ائیرپورٹس کو ترقی دینے کا منصوبہ شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت نے جن چھوٹے شہروں میں ائیر پورٹس کو ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ اس پر 2030 تک عمل آوری کو یقینی بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے حکومت کی جانب سے وزارت شہری ہوابازی ‘ ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے علاوہ خانگی کمپنیوں کے اشتراک کے ساتھ نئے ائیرپورٹس کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ ملک میں فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے جو فیصلہ کیا ہے اس کی تائید میں اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ 2ستمبر2024 کو اندرون ملک 4لاکھ 77ہزار 554 مسافرین نے فضائی سفر کیا ہے جو کہ جاریہ سال کے دوران ہی 21اپریل 2024 کو بننے والے 4لاکھ 70ہزار751 فضائی مسافرین کے ریکارڈ کو توڑچکا ہے جو کہ اپریل تا ستمبر کے دوران مسافرین کی تعداد میں 1.5 فیصد اضافہ کو ریکارڈ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت نے نئے ائیرپورٹس کے معاملہ میں بہار اور گجرات کے کئی شہروں کا احاطہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور ان شہروں کو ترجیح دینے کی تیاری کی جا رہی ہے جہاں سے فضائی مسافرین کی تعداد دیگر شہروں کو زیادہ سفر کرتی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ عہدیدارو ںنے وزارت شہری ہوا بازی کو اس سلسلہ میں جو تجاویز پیش کی ہیں ان میں بعض فضائیہ کے اڈوں پر شہریوں کے لئے حصہ تعمیر کرتے ہوئے انہیں شہری اور دفاعی ائیر پورٹس کے طور پر استعمال کرنے کی منصوبہ بندی بھی پیش کی گئی ہے۔ شہری ہوا بازی کے ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں 50 شہروں میں نئے فضائی اڈوں کے قیام کے علاوہ موجود فضائی پٹیوں کے استعمال کے سلسلہ میں اقدامات کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ علاوہ ازیں فضائیہ کے اڈوں کے ساتھ ساتھ نئے ائیر پورٹس کے قیام کے منصوبوں کو منظوری دیئے جانے کے امکانات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔3