بیجنگ: چین نے سات ممالک کے گروپ (جی سیون) کو واضح طور پر متنبہ کیا ہے کہ وہ دن ختم ہو چکے ہیں جب ’چھوٹے‘ ممالک کے گروپ دنیا کی قسمت کا فیصلہ کرتے تھے۔ برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق چین نے اتوار کو اپنے اس بیان کے ذریعے امیر ترین جمہوریتوں کو نشانہ بنایا ہے جنہوں نے بیجنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے اکٹھے کام کرنے کی کوشش کی ہے۔چین کے ایک سرکردہ عالمی طاقت کی حیثیت سے دوبارہ سامنے آنے کو 1991 میں سویت یونین کے زوال، جس نے سرد جنگ کا خاتمہ کیا، کے ساتھ حالیہ وقتوں کے سب سے اہم جغرافیائی سیاسی واقعات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔لیکن چین کی عالمی طاقت کے طور پر واپسی نے امریکہ کو پریشان کر دیا ہے۔ صدر جو بائیڈن نے چین کو بنیادی اسٹریٹجک حریف قرار دیا ہے اور انہوں نے چین کی ’معاشی بدانتظامی‘ کا مقابلہ کرنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو پیچھے دھکیلنے کا عزم کیا ہے۔
