چھو کر دکھاومجھے ‘ اترپردیش پولیس کو پرینکا گاندھی کا انتباہ

,

   

پولیس پر برہمی اور تلخ کلامی ‘ لکھیم پور کھیری کے راستہ میںکانگریس لیڈر گرفتار ۔ حراست میں پرینکا نے جھاڑو لگائی

لکھنو / نئی دہلی : کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کو آج صبح اترپردیش پولیس نے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ کل لکھیم پور کھیری میں مرکزی وزیر کے فرزند کی جانب سے گاڑی سے روند دئے جانے والے متوفی کسانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کیلئے جا رہی تھیں۔ کل پیش آ:ے واقعہ میں مرکزی وزیر اجئے مشرا و پٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ کے دورہ کو روکنے کسانوں نے احتجاج کیا تھا ۔ ان پر گاڑی دوڑاتے ہوئے انہیں روند دیا گیا تھا ۔ اس کے بعد یہاں تشدد پھوٹ پڑا تھا ۔ آج صبح پرینکا گاندھی واڈرا وہاں جانے کیلئے پہونچیں تو انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ کانگریس نے ایک ویڈیو ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ پریکا گاندھی واڈرا کو سیتاپور پولیس لائین لیجایا گیا ۔ ان کی منتقلی کے بعد وہاں کثیر تعداد میں ہجوم جمع ہوگیا ۔ جس وقت پرینکا گاندھی واڈرا کو روکا گیا ان کی پولیس عملہ کے ساتھ تکرار بھی ہوئی ۔ پرینکا نے کہا کہ وہ ان لوگوں سے اہم نہیں ہیں جنہیں ہلاک کردیا گیا ۔ انہوں نے پولیس سے کہا کہ انہیں قانونی وارنٹ دکھایا جائے ۔ یہ بتایا جائے کہ کس بنیاد پر انہیں یہاں روکا جا رہا ہے ۔ پولیس انہیں چھو نہیں سکتی ۔ اس وقت پرینکا گاندھی کو پولیس فورس نے گھیرا ہوا تھا ۔ پرینکا نے پولیس عملہ سے کہا کہ وارنٹ دکھاو ۔ آرلار دکھاو نہیں تو وہ یہاں سے ہلنے والی نہیں ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر انہیں زبردستی پولیس کار میں بٹھایا گیا تو وہ اغواء کا مقدمہ درج کریں گی ۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ پرینکا گاندھی پولیس عملہ پر برہمی ظاہر کر رہی ہیں۔ ان کے ساتھ کانگریس لیڈر دیپیندر ہوڈا بھی تھے ۔ انہوں نے بھی پولیس سے سوال کیا کہ وہ پرینکا گاندھی کے خلاف ہاتھ کس طرح اٹھاسکتے ہیں۔ ہوڈا نے کہا کہ وہ سارا کچھ دیکھ رہے ہیں اور وہ گواہی دیں گے ۔ اس کے بعد مسٹر ہوڈا کو ایک کار میں بٹھاکر روانہ کردیا گیا ۔ پرینکا گاندھی نے اس پر بھی احتجاج کیا اور کہا کہ وہ ایک عورت سے بات نہیں کرسکتے اس لئے انہیں ( ہوڈا کو ) مار رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے بھی اس واقعہ کا ویڈیو ٹوئیٹ کیا اور اپنی بہن سے اظہار یگانگت کیا ۔ پرینکا گاندھی حراست میں لئے جانے کے بعد واڈرا کو سیکنڈ واہنی پی اے سی کیمپ میں رکھا گیا ہے جبکہ کیمپ کے باہر بڑی تعداد میں کانگریسی کارکن حکومت مخالف نعرے بازی کررہے ہیں۔اس سے قبل نصف رات کو لکھنؤ سے لکھیم پور کے لئے روانہ ہوئیں کانگریس جنرل سکریٹری کوروکنے کے لئے خیرآباد ٹول پلازہ پر کثیر تعداد میں پولیس ٹیم کو تعینات کیا گیا تھا ۔ بعد میں منظر عام پر آئے ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ پرینکا گاندھی واڈرا اپنے حراستی کیمپ میں جھاڑو لگا رہی ہیں۔ سوشیل میڈیا پر یہ ویڈیوز بہت زیادہ وائرل ہو رہے ہیں۔