چھٹویں تا آٹھویں جماعت کیلئے آن لائین کلاسیس جاری رہیں گی

   

محکمہ تعلیم کے رہنمایانہ خطوط جاری، طلبہ اور اساتذہ کیلئے ماسک کا استعمال لازمی
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے چھٹویں تا آٹھویں جماعتوں کیلئے اسکولوں میں باقاعدہ کلاسس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ طلبہ کیلئے آن لائین اور ڈیجیٹل کلاسس کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ دوردرشن ، ٹی۔سیاٹ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمس سے چھٹویں اور آٹھویں جماعت کے ایسے طلبہ کیلئے کلاسس جاری رہیں گی جو اسکول کی کلاسس میں شرکت کیلئے تیار نہیں ہے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے کہا کہ باقاعدہ کلاسس کے علاوہ آن لائین کلاسس کو جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت نے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں جس کے تحت اسکولوں کو پابند کیا گیا کہ وہ باقاعدہ کلاسس میں شرکت کے لئے والدین اور سرپرستوں سے منظوری حاصل کر یں۔ ہیڈماسٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ والدین اور سرپرستوں سے تحریری طور پر اجازت نامہ حاصل کریں جو کہ مرکزی حکومت کے قواعد کے مطابق لازمی ہے۔ کلاس رومس میں سماجی فاصلہ کے ساتھ نشستوں کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہر کلاس میں 20 طلبہ کو رکھا جائے اور ہر ایک کے درمیان کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ رہے ۔ محکمہ تعلیم کے مطابق گھر سے تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں طلبہ کے لئے آن لائین کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر کی صدارت میں موجود ضلع واری ایجوکیشن مانیٹرنگ کمیٹی کلاسس میں شفٹ سسٹم ، حاضری کے طریقہ کار اور نشستوں کے نظام پر فیصلہ کرے گی۔ کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔ طلبہ اور ٹیچرس کے علاوہ اسٹاف کے لئے ماسک کا استعمال لازمی رہے گا۔ سردی ، کھانسی اور بخار میں مبتلا طلبہ کو اسکول میں شرکت کی اجازت نہیں رہے گی۔ طلبہ کو اسکول میں مڈ ڈے میل سربراہ کیا جائے گا۔