گوپال گنج، 23 اکتوبر (یو این آئی) جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار خصوصی ٹرینوں کے وعدے کے باوجود لوگ چھٹ پوجا کیلئے بھیڑ بکریوں کی طرح ڈبوں میں بھرے گھر لوٹ رہے ہیں اور اس حالت سے بچنے کا واحد راستہ ریاست میں روزگار فراہم کرنا ہے ۔ پرشانت کشور نے کہا کہ جب تک بہار میں نظام نہیں بدلتا، بہار کے نوجوان دوسری ریاستوں میں بے مقصد بھٹکتے رہیں گے ۔ عظیم اتحاد کے چہرے کے طور پر تیجسوی یادو کی نامزدگی کے بارے میں جن سوراج کے لیڈر نے کہا کہ ان کی امیدواری کا مطلب بہار میں جنگل راج کی واپسی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی کا ہر کسی کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ محض خواب ہے اور وہ سونے کی لنکا بنانے کا وعدہ بھی کر سکتے ہیں۔ پرشانت کشور نے کہا کہ موجودہ انتخابات کے تناظر میں ایک بات طے ہے کہ عوام قومی جمہوری اتحاد کی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ لوگوں کو اب گرانڈ الائنس یا جنگل راج میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھٹ پوجا کیلئے آنے والے مہاجر بہاریوں کی بڑی تعداد ریاست میں نظام کو بدلنے کے عزم کے ساتھ آرہی ہے اور ایسے تمام لوگ جن سوراج کے حق میں ووٹ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جن سوراج امیدوار کی شکست کا مطلب بہار کے بچوں کے مستقبل کی شکست ہوگی۔