چھکوں کا عالمی ریکارڈ بنانے پر خود مورگن بھی حیران

   

مانچسٹر ۔20 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈکپ میں افغانستان کیخلاف 17 چھکوں کی بدولت نیا ریکارڈ قائم کرنے پر انگلش کپتان ایان مورگن خود بھی حیران ہیں ۔ ریکارڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ اس قسم کی کوئی اننگز بھی کھیل سکتے ہیں لیکن وہ اپنے اس کارنامے پر خوش ہیں۔ مورگن نے کہا کہ جب وہ دو وکٹوں پر 164 کے اسکور پر میدان میں داخل ہوئے تو یہ ایک ایسا وقت تھا جب وہ یا جوزبٹلر ہی اسکورنگ میں تیزی لا سکتے تھے لہٰذا انہوں نے خطرات مول لینے کا فیصلہ کیا جس کے سبب ان کا 28 رنز پرکیچ بھی گرا لیکن یہ بھی انہیں آگے بڑھانے کا باعث بن گیا۔انگلش کپتان نے اعتراف کیا کہ نہیں جانتے تھے کہ انہوں نے ایک اننگز میں 16چھکے لگانے کا روہت شرما،ابراہام ڈی ویلیئرز اورکرس گیل کا ریکارڈ توڑدیا ہے کیونکہ انہوں نے پہلے سے ایسا کچھ نہیں سوچا تھا۔انگلینڈ کی جانب سے بارہویں جبکہ تیرہویں ونڈے سنچری اسکور کرنے والے 32 سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین مورگن نے کہا کہ اگر ان کی کارکردگی کا یہی معیار رہا تو انگلش ٹیم عالمی کپ جیتنے کیلئے کافی بہتر موقف میں آجائے گی۔