چھ اضلاع میں کورونا مریض بڑھ رہے ہیں‘ حیدرآباد شامل

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔30 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے 6 اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں ہونے لگا ہے اور جملہ کورونا مریضوں میں نصف تعداد ان6 اضلاع سے ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ محکمہ صحت کی تفصیلات کے مطابق ریاست میں حیدرآباد ‘ کریم نگر‘ کھمم‘ نلگنڈہ ‘ پداپلی‘ورنگل اربن اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اس پر قابوپانے عوامی شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ کوشش کی جار ہی ہے کہ جو مریض کورونا متاثرہ ہیں ان کو قرنطینہ کرکے گھر میں رہنے کی تاکید کی جائے تاکہ وہ دوسروں کو متاثر نہ پائیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ مذکورہ اضلاع و میڑچل کے ساتھ رنگاریڈی میں کورونا مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے لیکن بیشتر مریضوں کو سنگین صورتحال کا سامنا نہیں ہے بلکہ وہ دیگر عام مریضوں کی طرح علاج سے وائر س سے نجات پانے میں کامیاب ہونے لگے ہیں ۔ ڈاکٹرس سے مشورہ دیا جا رہاہے کہ کھانسی ‘ بخار‘ نزلہ اور اعضاء شکنی کی شکایت پر فوری ڈاکٹرس سے رجوع کریں۔ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران بڑی تعداد میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں سرگرم معروف ڈاکٹر خضر حسین جنیدی ملے پلی نے بتایا کہ کورونا کا ٹیکہ حاصل کرنے والے مریضوں کو کسی سنگین صورتحال کا سامنا نہیں کرناپڑرہا ہے بلکہ انہیں بخار‘ نزلہ اور کھانسی کی شکایت کے بعد وائرس منفی ہونے لگا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ چند یوم میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن ٹیکہ لے چکے مریضوں میں سنگین علامتیں نہیں پائی جا رہی ہیں جو خواش آئند بات ہے ۔ ڈاکٹر جنیدی نے کہا کہ جو لوگ اب تک ٹیکہ حاصل نہیں کئے ہیں وہ اول وقت ٹیکہ حاصل کرلیں کیونکہ ٹیکہ کے نقصانات تو نہیں ہیں لیکن اس کے فوائد محسوس کئے جا نے لگے ہیں اور ٹیکہ لے چکے مریضوں کو سانس کی تکلیف یا پھیپھڑے متاثر ہونے کی شکایات کا سامنا نہیں ہے۔