چھ رکنی بین ریاستی ڈاکوؤں کی ٹولی گرفتار

   

13 لاکھ روپئے مالیاتی اشیاء ضبط، اسپیشل آپریشن ٹیم راچہ کنڈہ کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم راچہ کنڈہ بھونگیر زون نے 6 رکنی بین ریاستی ڈاکوؤں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 8.8 لاکھ روپئے نقد رقم بشمول 13 لاکھ مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 42 سالہ شیخ فضل الرحمن ساکن گنتکل، 30 سالہ ہریش عرف نکھل ساکن کرماگوڑہ حیدرآباد، 33 سالہ این تلسی ساکن آلیر، 24 سالہ بھرت ساکن آلیر، 30 سالہ سرینو اور 24 سالہ ونود کمار ساکنان آلیر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گنتکل اننت پور کے ساکن شیخ ظہیراحمد کی شکایت پر کارروائی کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ظہیر احمدکو کالا تیل فروخت کرنے کا جھانسہ دیکر اس ٹولی نے 11 اگست کو ظہیراحمد کے ڈرائیور سے 6 لاکھ روپئے کی رقم چھین لی اور فرار اختیار کرلی اور اس ڈرائیور کو جان سے ماردینے کی دھمکی دی۔ جوائنٹ کمشنر نے بتایا کہ واردات سے چند روز قبل احمد سے نکھل نے رابطہ قائم کیا اور کالا تیل فروخت کرنے کی بات کی۔ ڈرائیور کو کار میں بٹھا کر ان میں چار بدقماشوں نے خود کو ویجلنس کا عہدیدار بتایا اور دستاویزات کی جانچ کے نام پر اس ڈرائیور کو اپنے ساتھ کار میں بٹھا لیا اور تھوڑی دور جانے کے بعد اس کے قبضہ سے 6 لاکھ روپئے چھین کر ڈرائیور کو گاڑی سے نیچے پھینک دیا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور اسپیشل آپریشن ٹیم نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اس ٹولی کا پردہ فاش کیا۔