چھ سال بعد بھی چنچل گوڑہ جیل و ریس کورس شہر ہی میں برقرار

   

منتقلی کے اعلانات محض کاغذی ثابت ہوئے ۔ تعلیمی اداروں کے قیام کا وعدہ وفا نہ ہوسکا

حیدرآباد۔2اپریل(سیاست نیوز) چنچل گوڑہ جیل اور ملک پیٹ ریس کورس کی شہر کے باہر منتقلی کے اعلانات کو 6برس سے زائد کا عرصہ گذر چکا ہے اور حکومت کی ایک میعاد کی تکمیل کے باوجود بھی اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی بلکہ یہ کہا جا رہاہے کہ ان کی منتقلی کیلئے کئی اقدامات کی ضرورت ہے جو کہ حکومت کرنے سے قاصر ہے۔ حکام کا کہناہے کہ ان مقامات کومنتقل کرکے اس علاقہ میں ترقی کیلئے تعلیمی اداروں کے قیام کے علاوہ ریس کورس کے مقام پر انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز کے قیام کے منصوبہ کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو رپورٹ حوالہ کردی گئی ہے اور مختلف سفارشات بھی حوالہ کی گئی ہیں لیکن ان پر کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ہے بلکہ اس رپورٹ کا اب تک جائزہ بھی نہیں لیا گیا ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل اعلان کیا تھا کہ پرانے شہر سے تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے چنچل گوڑہ جیل کو شہر سے باہر منتقل کرکے اس اراضی پر حکومت کی جانب سے لڑکیوں کیلئے کے جی تا پی جی تعلیمی اداروں کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا اور ان اداروں کے قیام سے علاقہ کی ترقی ہونے کا بھی امکان ہے ۔علاوہ ازیں ٹی آر ایس نے ملک پیٹ ریس کورس کی منتقلی کا بھی اعلان کیا تھا

اور کہا گیا تھا کہ اقتدار ملنے پر تلنگانہ راشٹر سمیتی ریس کورس کی وسیع و عریض اراضی کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز کے طور پر ترقی دیگی جہاں 20لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے لیکن حکومت کی ایک میعاد کی تکمیل کے باوجود اس سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور صرف اعلانات کا اعادہ کیا جاتا رہا اور اب جبکہ ملک میں پارلیمانی انتخابات کیلئے مہم جاری ہے تو تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ان اعلانات کے سلسلہ میں لب کشائی نہیں کی جا رہی ہے اور نہ ہی ان کا تذکرہ کیا جا رہاہے۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ریاست میں 16 پارلیمانی نشستوں پر کامیابی کے سلسلہ میں قائدین و کارکنوں پر زور دیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ عوام کو 16 نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے مطمئن کیا جائے لیکن تلنگانہ راشٹر سمیتی قیادت کی جانب سے اب تک کئے گئے وعدوں اور ان پر عدم عمل آوری کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کے سوال کا جواب دینے سے قاصر ہے اسی لئے ان موضوعات پر مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔