چھ سال میں ملک میں 6 لاکھ سے زائد کمپنیاں بند : مرکز

   

۔ 7 لاکھ سے زائد نئی کمپنیوں کا قیام ۔ لوک سبھا میں وزیر کارپوریٹ افئیرس کا جواب

حیدرآباد۔30نومبر(سیاست نیوز) ملک میں گذشتہ 6 برسوں کے دوران 5لاکھ 506 کمپنیوں نے کاروبار بند کئے ہیں جبکہ اسی مدت میں 7لاکھ 17ہزار 49نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں آیا ۔ کمپنیز ایکٹ 2013 کے تحت نو رجسٹرڈ کمپنیوں کے قیام اور جو کمپنیاں بند کی گئی ہیں ان کی تفصیلات لوک سبھا میں وزیر کارپوریٹ افئیرس راؤ اندرجیت سنگھ نے بتائی ۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت یا وزارت کی جانب سے موقع یا حالات کے اعتبار سے ڈاٹا نہیں تیار کیا جاتا بلکہ مالی سال کے اعتبار سے ڈاٹا تیارکیا جاتا ہے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ کرنسی تنسیخ ‘ کورونا لاک ڈاؤن یا جی ایس ٹی کے اعتبار سے یہ تفصیلات موجود نہیں ہیں بلکہ مالی سال کے اعتبار سے مجموعی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ جاریہ سال یکم اپریل 2021 کے آغاز سے اب تک 22ہزار557 کمپنیوں نے اپنے کاروبار بند کئے ہیں جبکہ اسی مدت کے دوران 1 لاکھ 9ہزار 98 نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ گذشتہ 6برسوں میں سال 2017-18 میں سب سے زیادہ کمپنیاں بند کی گئی ہیں جن کی تعداد 2لاکھ 36ہزار262 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سال 2018-19 کے دوران 1لاکھ 43ہزار233کمپنیاں بند کی گئی ہیں۔ تحریری جواب کے مطابق سال 2016-17 کے دوران 12ہزار808کمپنیاں بند کی گئی ہیں اور اسی طرح 2019-20 کے دوران 70ہزار 972 کمپنیاں بند کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سال گذشتہ 2020-21 کے دوران 1 لاکھ 22ہزار 721 نئی کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ گذشتہ مالی سال میںملک بھر میں مجموعی اعتبار سے 1لاکھ 55ہزار337 نئی کمپنیاں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریٹ کمپنیوں کے ایکٹ میں کسی کمپنی کو بند کئے جانے کی اصطلاح نہیں ہے لیکن مکمل قانونی کاروائی کے بعد کمپنی اپنے ڈائرکٹرس کی قرار داد کے ذریعہ رجسٹریشن سے دستبرداری اختیار کرسکتی ہے۔انہوں نے کمپنیوں کی جانب سے تجارتی سماجی ذمہ داری کے تحت سرگرمیوں سے واقف کروایا ۔م