چھ سب انسپکٹران پولیس معطل

   

حقہ سنٹرس کے انتظامیہ سے تعلقات کا شاخسانہ ، کمشنر حیدرآباد کے احکامات
حیدرآباد۔ /7 نومبر (سیاست نیوز) غیرقانونی طور پر حقہ سنٹرس چلانے اور انتظامیہ کے ساتھ ساز باز رکھنے کے الزام میں پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے 6 سب انسپکٹران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ سابق میں جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دینے والے سب انسپکٹرس کے مورتی ، ڈی سرینواس ، ای شنکر اور راما کرشنا کے علاوہ محمد جعفر اور شیام کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ رات دیر گئے تک حقہ سنٹرس کو کھلا رکھنے کی اجازت اور غیرمجاز طورپر اس کاروبار چلانے کیلئے مدد کرنے والے سب انسپکٹران کے خلاف پولیس کمشنر نے سخت کارروائی کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انجنی کمار نے گزشتہ سال اور کچھ عرصہ قبل خدمات انجام دینے والے سب انسپکٹران کے خلاف خفیہ تحقیقات کا حکم دیا تھا اور انہیں قصوروار پائے جانے پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ گرومورتی شاہ عنایت گنج میں تعینات ہے جبکہ سب انسپکٹر ڈی سرینواس مہانکالی پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔