نیویارک : /24 فبروری (ایجنسیز) آسمان میں ہفتہ /28 فبروری کو نادر فلکیاتی نظارہ دیکھنے میں آئے گا جب چھ سیارے عطارد ، زہرہ ، مشتری ، زحل ، یورینس اور نیپچون قطار میں ہوں گے ۔ ان میں سے چار سیارے سادہ آنکھ سے دیکھے جاسکیں گے جبکہ یورینس اور نیپچون کے مشاہدہ کیلئے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی ضرورت ہوسکتی ہے ۔ ان سیاروں کے ایک قطار میں ہونے کا نظارہ شام 6.15 بجے اور رات 8.00 بجے کے درمیان بہتر طور پر ہوسکے گا ۔ فلکیاتی نظاروں سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے یہ بلاشبہ نادر موقع ہوگا۔ امریکہ کے ناسا کے مطابق 4 تا 5 سیارے سادہ آنکھ سے دکھائی دے سکتے ہیں ۔ آسمان میں مغربی سمت دیکھنے پر عطارد ، زہرہ اور زحل افق کے قریب دکھائی دیں گے ۔ مشتری کچھ اوپر کی سمت یورینس اور نیپچون کی قطار میں ہوگا ۔ چمکنے والی شئے ستارہ ہوگا اور جو نہ چمکے وہ سیارہ رہے گا ۔