چنڈی گڑھ: پنجاب کے مختلف شہروں سے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے تک لگژری بس سروس کے افتتاح سے قبل پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ نے آج دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر تنقید کی اور سوال کیا کہ چھ مہینے میں کیا تبدیلی آئی کہ انہوں نے ہوائی اڈے تک بس سروس کی اجازت دے دی؟ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مسٹر وڈنگ نے ٹویٹ کیا اور مسٹر کیجریوال سے بس سروس کو جھنڈی دکھاتے ہوئے خود کو ‘پنجابیوں کا مسیحا’ قرار دینے سے پہلے پوچھا کہ چھ ماہ میں کیا تبدیلی آئی کہ انہوں نے ہوائی اڈے تک بس سروس کی اجازت دی؟مسٹر وڈنگ کے مطابق پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے انہوں نے یہ مطالبہ چھ ماہ قبل کیا تھا لیکن تب مسٹر کیجریوال نے یہ کہتے ہوئے اس کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا کہ جب کسی بھی ریاست کی سرکاری بسیں باقاعدگی سے دہلی میں داخل ہوتی ہیں تو صرف آئی ایس بی ٹی تک ہی جانے کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔مسٹر وڈنگ جاننا چاہتے تھے کہ کیا مسٹر کیجریوال کے کریڈٹ لینے کے ایجنڈے کی وجہ سے پنجاب کے لوگوں کو سزا ملی؟ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر سے یہ بھی جاننا چاہا کہ جب انہوں نے وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے پنجاب کے لئے مسٹر کیجریوال سے تعاون طلب کیا تو انہوں نے ‘‘اڑیل’’ اور ‘‘ ٹالنے والا’’ رویہ کیوں اختیار کیا۔واضح رہے کہ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے 10 جون کو ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں ‘نجی بس مافیا’ پر قابو پانے کے لیے پنجاب سے دہلی ہوائی اڈے تک سستی لگژری بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا افتتاح آج مسٹر مان اور مسٹر کیجریوال جالندھر میں کرنے والے ہیں۔