ایٹالہ راجندر بوکھلاہٹ کا شکار، حضورآباد میں ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ وہ سدی پیٹ سے 6 مرتبہ کامیابی حاصل کرچکے ہیں جس میں پانچ مرتبہ حریفوں کی ضمانتیں ضبط ہوئی ہیں۔ ایٹالہ راجندر شکست کے خوف میں بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور ان ( ہریش راؤ ) کے خلاف من گھڑت و بے بنیاد باتیں کررہے ہیں جس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ انہوں نے حضورآباد میں ریٹائرڈ ایمپلائیز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ایک مرتبہ لہر میں جیت سکتے ہیں کام نہیں کرنے کی صورت میں کیا مسلسل چھ مرتبہ کوئی کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ہر الیکشن میں ان کی اکثریت میں اضافہ ہوا ہے۔ایٹالہ راجندر حضور آباد میں عوامی اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے مجاہد تلنگانہ غریب قائد جی سرینواس کو ٹی آر ایس کا امیدوار بنایا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حضور آباد کی ترقی کیلئے عوام بھاری اکثریت سے ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں گے۔ ایٹالہ کی کامیابی صرف ان کی شخصی کامیابی اورجی سرینواس کی کامیابی حضورآباد کے عوام کی کامیابی ہوگی۔چیف منسٹر تلنگانہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہے ہیں جبکہ مرکزی حکومت ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرتے ہوئے کسانوں پراضافی مالی بوجھ عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین کو 30 فیصد پی آر سی دیا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے سرکاری ملازمین کو صرف 7.5 فیصد پی آر سی دیا ہے۔ ہر معاملہ میں مرکزی حکومت تلنگانہ سے ناانصافی کررہی ہے۔N