ناگپور۔11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) لوکیش راہول (52) اور شریاس ایر (62) کی شاندار نصف سنچریوں اور پھر دیپک چاہر کی عالمی ریکارڈ بولنگ کی بدولت ہندوستان نے ناگپور ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 30 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تین میچوں کی سیریز کو ہندوستان نے 2-1 سے اپنے نام کرلیا۔ ہندوستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 174 رن بنائے ، جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 19.2 اوورس میں 144 رن بناکر آوٹ ہوگئی۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو دوسرے اوور میں ہی جھٹکا لگ گیا جب گزشتہ میچ کے پلیئر آف دی میچ اور کپتان روہت شرما صرف تین رنز بنا کر شفیع السلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ روہت کے ساتھی شکھر دھون نے ایک بار پھر اچھی شروعات کی لیکن وہ اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کر پائے اور 19 رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ شکھر نے 16 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 19 رن بنائے۔ دھون کو بھی شفیع نے آوٹ کیا۔دو وکٹ محض 35 رن پر گر جانے کے بعد راہول اور ایئر نے ہندستانی اننگز کو سنبھالا۔ راہول نے اپنی تیسری ٹی 20 نصف سنچری بنائی جبکہ ایئر نے زبردست چھکے اڑاتے ہوئے اپنی پہلی نصف سنچری بنائی۔ راہول نے 35 گیندوں پر 52 رن میں سات چوکے لگائے۔ ایّر نے محض 33 گیندوں میں تین چوکے اور پانچ چھکے لگاتے ہوئے 62 رنز بنائے اور انہوں نے صفر پر انکاکیچ چھوڑے جانا کا پورا فائدہ اٹھایا۔راہول کے بعد میدان پر اترے رشبھ پنت کے ساتھ ایر نے چوتھی وکٹ کے لئے 45 رنز جوڑے اور اس شراکت میں ایر کا ہی زیادہ تعاون رہاا۔پنت نوگیندوں میں چھ رن ہی بنا سکے۔ سومیا سرکار نے 17 ویں اوور میں پنت اور ایر کو آوٹ کیا۔ ایّرکا وکٹ گرنے کے بعد منیش پانڈے نے وکٹ سنبھالا اور 13 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 22 رنز بنا کر ہندوستان کا اسکور 174 تک پہنچایا۔ پانڈے کے ساتھ شیوم دوبے 9 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع اور سرکار نے فی کس دو وکٹ لئے۔ 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری بنگلہ دیش کی ٹیم بہت اچھی نہیں رہی اور 12 رن کے مجموعی اسکور پر ایک ہی اوورس میں دو جھٹکے لگ گئے۔ تاہم اس کے بعد متھن اور محمد نعیم نے اننگز کو سنبھالا اور 98 رنوں کی شراکت داری کی۔ عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے چہر کو مقابلے اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔