جنگل میں سی سی کیمرے اور پنجرہ کا قیام، عوام میں خوف
یلاریڈی۔ ہفتہ بھر سے خونخوار چیتا کی ہلچل نے منڈل سداشیو نگر کی عوام کو مختلف الگ الگ علاقوں میں نمودار ہوئے خوف کے سایہ میں رہنے پر مجبور کررکھا ہے۔ چیتا کے خوف سے منڈل کے تکوجی واڑہ، بھوم پلی، لنگم پلی، تموجی واڑی ، میڈگاؤں، پدما جی واڑی کی عوام پریشان حال ہے۔ پہلے تو چیتا تکوجی واڑی میں نظر آنے پر عوام نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو واقف کروایا جس پر علاقہ شیوار میں پنجرے کا انتظام کیا گیا۔ اس کے بعد چاردنوں تک لنگم پلی شیوار میں چیتا نظر آیا۔ لگاتار دو دنوں تک روز نظر آنے پر عوام میں تشویش پیدا ہوگئی اور شام ہوتے ہی ان کا گھروں سے نکلنا محال ہوگیا۔ باہر نکلنے کیلئے عوام خوف کھارہے ہیں۔ ہفتہ بھر سے خونخوار چیتے نے عوام کا جینا دشوار کررکھا ہے اور محکمہ کے عہدیداروں کی عدم دلچسپی پر منڈل کی عوام نے لاپرواہی کا محکمہ جنگلات پر الزام لگاتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔ چیتا کے نشانات حاصل کرنے کیلئے اس کی نشاندہی کرنے عہدیداروں نے سی سی کیمروں کا قیام کرکے ذمہ داری ختم ہوگئی سمجھنے کا عوام الزام لگارہے ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ محکمہ جنگلات خصوصی ٹیموں کو تشکل دیتے ہوئے چیتا کو پکڑنے کے اقدامات کرے ورنہ عوام کی زندگیوں کو خطرہ لاحق رہے گا۔ جنگل کے خونخوار جانور اس طرح آبادیوں کی طرف رخ کرنے پر عوام تشویش میں مبتلاء ہیں۔