چیتنیہ پوری ،موسیٰ ندی میں مگرمچھ کی موجودگی

   

مقامی افراد کو انتباہ ، محکمہ پولیس اور جنگلات چوکس
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : چیتنیہ پوری کے علاقہ میں موسیٰ ندی میں ایک مگرمچھ کو دیکھا گیا ۔ جس کے بعد مقامی افراد میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ اطلاع کے بموجب کتہ پیٹ کے پھنی گیری کالونی میں شیو مندر کے قریب ایک مگرمچھ دیکھا گیا ۔ جس کے بعد مقامی افراد نے اس کی اطلاع پولیس کو دی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس مقام پر پہنچ گئی اور محکمہ جنگلات کو اس کی اطلاع دی گئی ۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے مقام کا معائنہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ پانی میں مگرمچھ کو پکڑنا مشکل ہے لیکن پھر بھی کوشش کی جائے گی کہ اسے کسی بھی طرح پکڑا جاسکے ۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے دریائے موسیٰ کے کنارے میں رہنے والوں کو خبردار کیا کہ دریا کے قریب نہ جائے جس کے لیے ایک بیانر بھی لگایا گیا ہے ۔ چند دن قبل بھی مگرمچھ اسد بابا نگر کشن باغ اور کوتوال گوڑہ میں دیکھا گیا ہے ۔ یہ مگرمچھ پانی پینے آئی ہوئی بکریوں پر حملہ کررہا ہے ۔ کوتوال گوڑہ میں ایک مگرمچھ کو چند دن قبل ہی پکڑا گیا ہے اس سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ بارش کے بہاؤ سے دور دراز علاقوں سے یہ مگرمچھ آرہے ہیں ۔۔ ش