کمسن بچہ شدید زخمی ، شہر کے دیگر علاقوں میں بھی آوارہ کتوں کے جھنڈ سے عوام پریشان حال
حیدرآباد ۔ 22فبروری ( سیاست نیوز) شہر میں آورہ کتوں کے حملہ کا ایک اور واقعہ پیش آیا ۔ چیتنیہ پوری پولیس حدود میں ایک کمسن بچہ آوارہ کتوں کے حملہ میں شدید زخمی ہوگیا ۔ عنبرپیٹ میں کمسن بچے کی ہلاکت کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ اس واقعہ سے شہریوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی اور شہریوں نے سابق واقعات کی یاد تازہ کرتے ہوئے ارباب مجاز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کاش بلدی حکام گولکنڈہ اور کلثوم پورہ علاقہ کے واقعات کے بعد چوکس ہوجاتی ۔ آج چیتنیہ پوری علاقہ میں ایک کمسن لڑکا رشی اپنے مکان کے سامنے کھیل رہا تھا کہ آوارہ کتوں کا ایک جھنڈ بچے پر ٹوٹ پڑا اور اس پر حملہ کردیا ۔ رشی کی چیخ و پکار سے اس کے افراد خاندان چوکس ہوگئے اور بچے کو آوارہ کتوں کے چنگل سے آزاد کروالیا اور فوری لڑکے کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔شہر کے گلی کوچوں کے علاوہ آوارہ کتوں کی ہلچل و دہشت اہم مقامات پر بھی پائے جانے لگی ہے ۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں آوارہ کتوں کی بہتات حالیہ دنوں کے واقعات کے بعد عوام میں دہشت کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ تاریخی مقامات بالخصوص چارمینار کو سیر و تفریح کیلئے سینکڑوں افراد بالخصوص بیرونی ممالک کے سیاح بھی آیا کرتے ہیں اور ان آوارہ کتوں کے سبب دہشت کا ماحول پایا جاتا ہے ۔ تاہم بلدی حکام اس سنگین معاملہ کو ان دیکھا کررہے ہیں جیسے کہ بلدی حکام کو سانپ سونگھگیا ہو ۔ بلدی حکام کی مجرمانہ غفلت عوامی زندگیوں کیلئے خطرہ بن گئی ہے ۔ پرانے شہر کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے جھنڈ خوف و دہشت کا سبب بن گئے ہیں ۔ آوارہ کتوں کی بہتات کے سبب شہری بچوں کے تعلق سے فکر مند ہوگئے ہیں ۔ بلدی حکام کی جانب سے آج مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کو پکڑنے کی کارروائیاں کی گئیں۔ تاہم ان کارروائیوں پر شہریوں نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ع