ٹوکیو: ہندوستانی شیٹلرس چیراگ شٹی اور ستوگ سائی راج رنکی ریڈی نے انگلینڈ کی جوڑی بن لین اور شین وینڈی کو گروپ اے کے مقابل میں شکست دی لیکن وہ ٹوکیو اولمپکس کے ناک آئوٹ مرحلہ میں رسائی حاصل نہیں کرپائے۔ عالمی درجہ بندی میں 10 ویں مقام پر فائز ہندوستانی جوڑی نے عالمی درجہ بندی میں 18 ویں مقام پر فائز اپنے حریف جوڑی کو گروپ اے کے مرد زمرے کے ڈبلس مقابلے میں 21-17 ، 21-19 سے شکست دی۔ مساشینو فارسٹ پلازا میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ہندوستانی جوڑی نے 44 منٹوں میں کامیابی حاصل کی۔ اس کامیابی کے باوجود ہندوستانی جوڑی کوارٹر فائنلز میں رسائی حاصل نہیں کرپائی۔ کیوں کہ وہ گروپ مرحلہ میں تیسرے نمبر پر پہنچے۔ گروپ اے میں پہلے مقام پر انڈونیشیائی ٹیم رہی جس کے بعد چینی تائی پائی کی عالمی نمبر دو جوڑی رہی۔ سرفہرست تینوں ٹیمیں دو فتوحات سے مساوی نشانات حاصل کرتے ہوئے مشترکہ طور پر پہلا مقام حاصل کرتے ہوئے ناک آئوٹ مرحلہ میں رسائی حاصل کی ہے جبکہ ہندوستانی جوڑی کو انڈونیشیاء کے خلاف مقابلے میں راست گیمس میں جو شکست ہوئی اس کا بڑا نقصان ہوا اور یہ جوڑی ناک آئوٹ مرحلہ میں رسائی حاصل نہیں کر پائی۔ اس مقابلے کے آغاز سے قبل ہی لی اور وانگ نے اپنے مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کی امیدوں کو ختم کردیا تھا۔