چیرلا پلی جیل میں کے سی آر کیلئے ڈبل بیڈرومکان تعمیر ہوگا

   

کالیشورم بے قاعدگیوں کی برسر خدمت جج سے تحقیقات، انتخابی ریالیوں سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔27۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کرپشن اور بدعنوانیوں کے سبب چیرلا پلی جیل میں کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کیلئے ڈبل بیڈروم مکان تعمیر کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے کانگریس کی انتخابی مہم کے تحت آج ایلندو ، ڈورنکل اور کوڑنگل میں انتخابی ریالیوں سے خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ کرپشن اور بدعنوانیوں میں ملوث کے سی آر حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرکے ریاست میں ترقی و خوشحالی کے اندراماں راج کا آغاز کریں ۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ میں کرپشن کی ہائیکورٹ کے برسر خدمت جج سے تحقیقات کا اعلان کیا اور کہا کہ کانگریس حکومت بی آر ایس کی تمام بے قاعدگیوں کی جانچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کی جگہ نقائص سے پاک سسٹم رائج کیا جائیگا تاکہ اراضیات کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کے سی آر اور ان کے ارکان اسمبلی پر اراضیات پر قبضوں اور دیگر بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو عوام کے سی آر ، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو سبق سکھائیں گے۔ سونیا گاندھی نے سیاسی نقصان کی پرواہ کئے بغیر تلنگانہ تشکیل دیا اور تلنگانہ عوام کی خوشحالی کیلئے 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ سماج کا ہر طبقہ حکومت سے ناراض ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں طلبہ ، نوجوان ، کسان اور خواتین کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کوڑنگل ان کا آبائی مقام اور گڑھ ہے۔ کوڑنگل عوام نے جس طرح پارلیمنٹ کیلئے منتخب کیا تھا ، اسی طرح اسمبلی میں کانگریس کو آشیرواد دیں گے۔ انہوں نے کے سی آر پر ایک لاکھ کروڑ کے کرپشن اور 10 ہزار ایکر اراضی پر قبضوں کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوڑنگل عوام کو گواہ رکھ کر وہ اعلان کرتے ہیں کہ چیرلا پلی جیل میں کے سی آر کیلئے ڈبل بیڈروم مکان کی تعمیر یقینی ہے۔