آکسیجن کی عدم سربراہی کی شکایت پر کارروائی، 30 جولائی تک رپورٹ طلب
حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ ہیومن رائیٹس کمیشن نے چیسٹ ہاسپٹل ایرا گڈہ میں مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی میں ناکامی کی شکایت پر سپرنٹنڈنٹ چیسٹ ہاسپٹل کو نوٹس جاری کی ہے۔ انسانی حقوق کمیشن نے سپرنٹنڈنٹ سے 30 جولائی تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ کی سماعت کمیشن میں کی جائے گی۔ کمیشن کے سکریٹری نے ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ کانگریس کمیٹی پونم پربھاکر کی شکایت پر یہ نوٹس جاری کی۔ کمیشن نے کہا کہ اگر 30 جولائی تک جواب داخل نہیں کیا گیا تو کمیشن مزید کارروائی کرے گا۔ ہاسپٹل میں ایک مریض نے اپنے والد کو ویڈیو روانہ کرتے ہوئے شکایت کی کہ اسے آکسیجن فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے وہ موت کے قریب پہنچ چکا ہے۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا میں ویڈیو وائرل کیا گیا ۔ اس واقعہ کو بنیاد بناکر پونم پربھاکر نے انسانی حقوق کمیشن سے شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں مریضوں کو علاج کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔چیسٹ ہاسپٹل ایرا گڈہ میں ڈاکٹرس کی لاپرواہی کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں۔ انہوں نے دو مختلف مریضوں کی جانب سے وائرل کئے گئے ویڈیوز کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن کو ان دونوں واقعات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجہ میں صورتحال سنگین نوعیت اختیار کرچکی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ حکومت کورونا مریضوں کو بہتر سہولتوںکی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔ انسانی حقوق کمیشن سے درخواست کی گئی کہ وہ کورونا کے مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت کیلئے حکومت کو ہدایات جاری کرے۔