ماسکو ۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی جنگ جاری ہے جس کے لیے حفاظتی اقدامات کے طور پر کھیلوں کے مشہور مقابلوں کو ملتوی کیا جارہا ہے، تازہ ترین اقدام کے طور پر انٹرنیشنل چیس فیڈریشن نے عالمی ایونٹ ملتوی کردیا۔شطرنج کا عالمی ایونٹ روس کے شہر ماسکو میںمقرر تھا لیکن کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے روس نے بین الاقوامی فضائی سفر بندکردیا ہے جس کے سبب انٹرنیشنل چیس فیڈریشن نے عالمی ایونٹ کے ملتوی ہونے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب فرانس کے وزیرکھیل کے مطابق مشہور سائیکل ریس ٹورڈی فرانس کے انعقاد کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، یہ ریس ہر سال جولائی میں ہوتی ہے، سائیکل ریس کے بارے میں ایک تجویز یہ بھی ہے کہ ایونٹ کے دوران روڈ کے کنارے پر کھڑے شائقین پر پابندی لگائی جائے۔اس سال ٹوکیو اولمپکس اور یورو 2020 کے بعد ٹورڈی فرانس سائیکل ریس دْنیائے کھیل کا سب سے بڑا ایونٹ ہے لیکن ابھی اس کے ملتوی یا منسوخ کیے جانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔