چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنران کی 3 اکتوبر کو آمد

,

   

اسمبلی الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ، چیف سکریٹری شانتی کماری کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرکے الیکشن کمیشن کی ٹیم کے 3 اکتوبر سے مجوزہ دورہ تلنگانہ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ الیکشن کمیشن ٹیم کے دورہ کے سلسلہ میں تمام تفصیلات کے ساتھ تیار رہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کمیشن کے دو ارکان کے ساتھ 3 اکتوبر کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں تاکہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ کمیشن کی ٹیم حکومت کے مختلف محکمہ جات و اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے تیاریوں کا جائزہ لے گی ۔ چیف الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم تین دن حیدرآباد میں قیام کرے گی۔ قانون کو نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ ضلع کلکٹرس ، ایس پی ، کمشنرس آف پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ علحدہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں تمام تفصیلات کے ساتھ تیار رہیں تاکہ الیکشن کمیشن کے روبرو پیش کیا جاسکے۔ شانتی کماری نے کہا کہ اسمبلی انتخابات آئندہ چند ماہ میں متوقع ہیں لہذا عہدیداروںکو انتخابی امور سے متعلق تمام تفصیلات کے ساتھ تیار رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو یکسانیت کے ساتھ اپنی رپورٹ پیش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر فراہم کی جانے والی سہولتوں اور سیکوریٹی انتظامات کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ محکمہ بہبودیٔ معذورین کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں پر معذورین کیلئے وہیل چیر کی فراہمی سے متعلق تفصیلات ضلع کلکٹرس سے حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ عہدیداروں کی جائیدادوں پر فوری بھرتی کی جائے تاکہ انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ پڑوسی ریاستوں کی سرحدوں پر چیک پوسٹ کے قیام کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔ چیف سکریٹری کے ساتھ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج، اسپیشل چیف سکریٹری برقی سنیل شرما ،اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ ، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر ، پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل ، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ ، سکریٹری جی اے ڈی شیشادری ، سکریٹری ایجوکیشن وی کرونا ، اسپیشل سکریٹری بہبودیٔ خواتین و اطفال بھارتی ہولیکری اور دیگر عہدیدار شامل ہیں۔