چیف الیکشن کمشنر اور پی ایم او کی میٹنگ پر ہنگامہ

   

اپوزیشن نے نیت اور غیرجانبداری پر اٹھے سوال
نئی دہلی : ملک کی کئی ریاستوں میں جلد ہی اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر اور دونوں الیکشن کمشنرس کو وزیر اعظم دفتر کی جانب سے طلب کردہ اجلاس کیلئے بلائے جانے پر سیاسی حلقوں میں ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ کانگریس سمیت اپوزیشن پارٹیوں نے اسے بے حد سنگین بتاتے ہوئے مودی حکومت اور الیکشن کمیشن دونوں کی نیت اور آئندہ انتخابات کی غیر جانبداری پر سوال اٹھایا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سشیل چندر اور دونوں الیکشن کمشنرس راجیو کمار اور انوپ چندر پانڈے کے وزیر اعظم دفتر کے ذریعہ بلائی گئی ایک غیر رسمی آن لائن میٹنگ میں شامل ہونے پر بڑا تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے ان حالات میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی غیر جانبداری پر سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پروٹوکول کے مطابق افسر کسی مسئلہ پر رائے کیلئے انتخابی کمیشن کے پاس جا سکتے ہیں، لیکن دوسرے طریقے سے نہیں۔