آزادانہ و منصفانہ الیکشن کی اپیل، جگن پر انتخابی دھاندلیوں کی تیاری کا الزام
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو اور جنا سینا کے سربراہ پون کلیان نے چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا راجیو کمار سے ملاقات کرتے ہوئے آندھرا پردیش میں فہرست رائے دہندگان میں بوگس ناموں کی شمولیت کی شکایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں وجئے واڑہ میں سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کے بارے میں نوٹ حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی بوگس ناموں کی شمولیت کے ذریعہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کی انتخابی دھاندلیوں سے متعلق چیف الیکشن کمشنر سے شکایت کرتے ہوئے جمہوریت کے تحفظ کیلئے اقدامات کی اپیل کی گئی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عوام جگن موہن ریڈی حکومت کے خلاف بغاوت پر تیار ہیں۔ شکست سے بچنے ریاست بھر میں نقلی نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تائید کے بجائے دھاندلیوں سے کامیابی حاصل کرنا جگن موہن ریڈی کا بنیادی مقصد ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کو اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین کے خلاف بیجا مقدمات کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو بتایا گیا کہ تلگودیشم اور جنا سینا کے قائدین کے خلاف 6 تا 7 ہزار مقدمات درج کئے گئے اور 200 سے زائد افراد کو جیل بھیج دیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے الیکشن کمیشن سے اقدامات کی اپیل کی اور کہا کہ ووٹر لسٹ کی گہری جانچ کرکے فرضی ناموں کو حذف کیا جائے۔ پون کلیان نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپوزیشن کی آواز کچلنے کی کوشش کررہی ہے۔1