سرحدی علاقوں میں چوکسی کی ہدایت، 385 کروڑ روپئے کی ضبطی،
چیف سکریٹری ، ڈی جی پی اور دیگر عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد ۔2۔نومبر (سیاست نیوز) چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن کمشنرس اے سی پانڈے اور ارون گوئل کے ہمراہ تلنگانہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے اسمبلی الیکشن والی پانچ ریاستوں کے چیف سکریٹریز ، ڈائرکٹرس جنرل پولیس اور 12 سرحدی ریاستوں کے عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا۔ جاریہ ماہ کے اختتام پر پانچ ریاستوں تلنگانہ ، میزورم ، چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے عہدیداروں کو انتخابی تیاریوں اور ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال سے واقف کرایا۔ شانتی کماری نے بتایا کہ بین ریاستی عہدیداروں کے کئی اجلاس منعقد کئے گئے جن میں آندھراپردیش ، کرناٹک ، چھتیس گڑھ اور مہاراشٹرا کے عہدیدار شامل ہیں۔ چیف سکریٹریز اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ انتخابی تیاریوں اور آزادانہ و منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کے اقدامات کا تعین کیا گیا ۔ شانتی کماری کے مطابق مختلف محکمہ جات کی جانب سے چوکسی بڑھادی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں تاحال 385 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ۔ ریاست کے 17 سرحدی اضلاع میں 166 مقامات پر سرحدی چوکیاں قائم کی گئیں۔ پڑوسی ریاستوں کی جانب سے 154 سرحدی چیک پوسٹ قائم کئے گئے ۔ ڈی جی پی آفس میں کنٹرول قائم کیا گیا تاکہ سرحدی ریاستوں کے عہدیداروں کے ساتھ بہتر تال میل کیا جاسکے۔ شانتی کماری نے بتایا کہ ریاست میں 28 تا 30 نومبر ڈرائی ڈے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کو بتایا کہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال انتہائی پرامن ہے اور عام جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ تاحال 185 افراد کو احتیاطی طور پر حراست میں لیا گیا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن والی ریاستوں میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے چیف سکریٹریز کو ہدایت دی کہ چوکس رہیں اور رائے دہی کی تاریخ سے قبل سرحدوں کو بند کردیں تاکہ بین ریاستی سرگرمیوں کو روکا جاسکے۔ ویڈیو کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری اکسائز سنیل شرما ، چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج ، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل مہیش بھاگوت ، سکریٹری جی اے ڈی وی شیشادری ، انسپکٹر جنرل سی آر پی ایف چارو سنہا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔