حیدرآباد5مئی (سیاست نیوز) نئے سکریٹریٹ میں اگرچہ تمام سرکاری محکمہ جات کیلئے دفاتر کی جگہ فراہم کی گئی لیکن انتخابی نگرانی کرنے والے چیف الیکٹورل آفیسر کیلئے جگہ فراہم نہیں کی گئی جس پر عہدیداروں میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ سابقہ سکریٹریٹ میں چیف الیکٹورل آفیسر کا دفتر تھا۔ امید تھی کہ اس مرتبہ بھی چیف الیکٹورل آفیسر کو نئے سکریٹریٹ میں جگہ فراہم کی جائیگی۔ بتایا جاتاہے کہ وکاس راج نے حکومت کو مکتوب روانہ کرکے نئے سکریٹریٹ میں آفس کی درخواست کی لیکن حکومت سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ چیف الیکٹورل آفس کو عام طورپر سیاسی پارٹیوں کے قائدین ، سماجی تنظیموں کے نمائندے اور ووٹرس اپنے مسائل کے ساتھ پہنچتے ہیں۔ شائد یہی وجہ ہے کہ عام لوگوں کے داخلہ کو روکنے نئے سکریٹریٹ میں چیف الیکٹورل آفیسر کا چیمبر قائم نہیں کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ وکاس راج نے نئے سکریٹریٹ یا پھر سکریٹریٹ کے قریب بی آر کے بھون میں جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر فی الوقت بدھا بھون سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ر