چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کی بلجیم میں یوروپین یونین عہدیداروں سے ملاقات

   

ہندوستان کے انتخابی سسٹم کی شفافیت پر پریزنیٹیشن
حیدرآباد ۔14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی کی زیر قیادت وفد نے بلجیم کے بروسیلز میں یوروپین یونین عہدیداروں سے ملاقات کی۔ سدرشن ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل ایف پی ایس انٹیریئر انابیلی ہیگمین کے علاوہ یوروپین پارلیمنٹ کے سینئر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ سدرشن ریڈی نے ہندوستان میں انتخابات کے انعقاد کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا انتخابی عمل ساری دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔ الیکشن مینجمنٹ پر سدرشن ریڈی نے یوروپین پارلیمنٹ کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں ہندوستانی انتخابی نظام کی شفافیت سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے انتخابی عمل میں ایک بلین سے زائد رائے دہندے حصہ لیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 2024-25 کے دوران انتخابات کے ذریعہ 979 ملین رائے دہندوں کو ووٹ کا حق دیا ہے۔ 20 ملین سے زائد انتخابی عملہ کو تعینات کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت میں 23 زبانیں استعمال کی جاتی ہیں اور مختلف مذاہب و تہذیب کے ماننے والے انتخابات میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے ذریعہ 20 ملین سے زائد دعوے اور اعتراضات کی یکسوئی کی گئی۔ سدرشن ریڈی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی اور وی وی پیاٹ کی اہمیت سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ 2024 میں 6.2 ملین ای وی ایم مشینوں کے ذریعہ 705 ملین رائے دہندوں نے ایک ہی دن میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں انتخابات دستور اور قانون کے دائرہ میں منعقد ہوتے ہیں۔ سدرشن ریڈی نے بلجیم میں دیگر ممالک کے پارلیمانی وفود سے بھی ملاقات کی۔1